صومالیہ کے دہشت پسند گروپ الشباب نے ایک بار استعمال کے بعد پھینک دیے جانے والے پلاسٹک کے بیگز پر پابندی لگا دی ہے کیونکہ وہ ماحول کے لیے خطرات کا سبب بن رہے ہیں۔
انتہاپسند گروپ الشباب کے زیر انتظام چلنے والے ریڈیو اسٹیشن، ریڈیو اندلس سے نشر ہونے والی خبروں میں اس پابندی کا اعلان کیا گیا۔ نشریے میں کہا گیا کہ پلاسٹک کے تھیلوں کا استعمال ترک کر دیا جائے کیونکہ وہ انسان اور حیوان دونوں کے لیے ہی نقصان دہ ہیں۔
گروپ نے درختوں کی کٹائی پر بھی پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔
جنوبی صومالیہ میں گروپ کے گورنر محمد أبو عبداللہ نے کہا ہے کہ پابندیوں سے متعلق اس پروگرام کے بارے میں تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پلاسٹک کے بیگ، اس طویل فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جن پر الشباب نے پہلے سے پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ اس فہرست میں مغربی موسیقی، فلمیں، سیٹلائٹ ڈشز، اور انسانی بھلائی کے لیے کام کرنے والے ادارے اور کارکن شامل ہیں جنہیں، ان کی قلمرو میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔
القاعدہ سے منسلک یہ گروپ صومالیہ میں سعودی طرز کا وہابی اسلام نافذ کرنا چاہتا ہے۔ اس نے اپنے کنٹرول کے علاقوں میں سخت نویت کا اسلام نافذ کر د یا ہے۔