رسائی کے لنکس

فخر عالم کے ’مشن پرواز‘ میں رکاوٹ


ٖFakhr alam
ٖFakhr alam

عالمی فضائی سفر پر گامزن پاکستانی گلوکار اور اداکار فخر عالم کو روس کے مشرقی شہر کے ایک ائیر پورٹ پر ویزے کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس میں پاکستان کے سفیر، روسی حکام سے رابطے میں ہیں ان کا معاملہ جلد حل کر لیا جائے گا۔

فخر عالم ایک پرائیویٹ جہاز پر عالمی سفر پر گامزن ہیں اور انہیں پیر کو جاپان سے روس کے مشرقی شہر یوزنا سخالنسک کے ائیر پورٹ پر ان کی پروز لینڈ ہونے کے بعد حراست میں لے لیا گیا ۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ ماسکو میں پاکستان کے سفیر روس کے حکام سے رابطے میں ہیں اور وہ فخر عالم کے ویزے کے معاملے کو سلجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔

قبل ازیں فخر کے دوست اور اداکار فیصل قریشی نے سماجی میڈیا پر فخر کے حوالے سے بتایا ہے کہ انہیں یوزنا سخالنسک کے ائیر پورٹ پر حراست میں لے لیا گیا ہے کیونکہ ان کے ویزے کی معیاد روس پہنچے سے دو گھنٹے پہلے ختم ہو گئی تھی اور اب انہیں کہا جارہا ہے کہ وہ واپس جاپان چلے جائیں۔

فخر کا مزید کہنا تھا کہ وہ جاپان واپس نہیں جا سکتے کیونکہ ان کے پاس جاپان واپس جانے کا ویزا نہیں ہے۔

انہوں نے پاکستان حکومت سے اپیل کی کہ وہ روس کی حکومت سے رابطہ کرکے انہیں اپنے سفر جاری رکھنے کی اجازت دیے دیں۔

انہوں نے کہاکہ وہ اس صورت حال میں دنیا کے گرد اپنے سفر کو ختم نہیں کرنا چاہتے ہیں ۔

اگرچہ روس کے حکام کا فخر عالم کے حوالے سے کئے جانے والے دعویٰ پر تاحال روس کے حکام کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نےٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ ماسکو میں تعینات پاکستان کے سفیر روسی حکام سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے توقع کی ہے کہ فخر عالم کو درپیش مسئلہ سلجھا لیا جائے گا۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں انہوں نےکہا کہ پاکستانی سفیر کی فخر عالم سے فون پربات ہوئی ہے اور وہ خیریت سے ہیں ۔

واضح رہے کہ 10 اکتوبر کو فخر عالم نے ' مشن ۔ پرواز ' کےنام سے اپنے عالمی فضائی سفر کا اغاز امریکہ سےکیا تھا اور 28 دنوں پر محیط سفر کا اختتام بھی امریکی ریاست فلوریڈا میں کرنے کا پروگرام بنا رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG