افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان منگل کو ورلڈ کپ 2019 کے 24 ویں میچ میں جہاں انگلینڈ کے مایہ ناز بیٹسمین اور کپتان اوئن مورگن کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، وہیں کئی برے یا ناپسندیدہ ریکارڈز افغانستان کے نام کے ساتھ جڑ گئے۔
مورگن ون ڈے کی تاریخ میں ایک اننگز کے دوران 17 چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ اس سے پہلے 16 چھکوں کا ریکارڈ بھارتی اوپنر روہت شرما کا تھا جو انہوں نے 2013 میں آسٹریلیا کے خلاف بنایا تھا۔
اسی میچ میں مورگن کل 193 چھکوں کے ساتھ سب سے زیادہ چھکے لگانے والے انگلش بیٹسمین کا بھی اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔
دوسری جانب افغانی اسپنر راشد خان عالمی کپ کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہی اننگز میں 100 رنز دینے والے دنیا کے پہلے بالر بن گئے ہیں۔ گو کہ اس ریکارڈ کو منفی نظر سے دیکھا جاتا رہے گا لیکن حقیقت یہی ہے کہ راشد خان ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے مہنگے اسپنر بن گئے ہیں۔
انہوں نے 12 اعشاریہ 22 کے اکانومی ریٹ سے 9 اوورز میں 109 رنز دیئے جو ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں اکانومی کے اعتبار سے کسی بھی بولر کی سب سے بدترین کارکردگی ہے۔
اس سے قبل اس ناپسندیدہ ریکارڈ کے لیے آسٹریلین بالر مائیک لوئس کا نام لیا جاتا تھا۔ انہوں نے 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 10 اوورز میں 113 رنز دئیے تھے۔
یہی نہیں بلکہ افغانستان کی پوری ٹیم رواں ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز دینے کے حوالے سے بھی ایک لمبے عرصے تک یاد رہے گی۔ انگلینڈ نے آج ورلڈ کپ 2019 کا سب سے بڑا ریکارڈ بنایا جو افغانستان ٹیم کی کمزوری کا نتیجہ ہے۔