پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما مخدوم امین فہیم طویل علالت کے بعد کراچی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 76 برس تھی۔
اطلاعات کے مطابق وہ خاصے عرصے سے خون کے سرطان کے مرض میں مبتلا تھے، اُن کا علاج لندن میں ہو رہا تھا اور حال ہی میں انھیں وہاں سے کراچی کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا۔
مخدوم امین فہیم پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر وائس چیئرمین جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر بھی تھے۔
وزیراعظم نواز شریف اور کئی دیگر سیاسی قائدین نے امین فہیم کے انتقال پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سندھ کے علاقے ہالا سے تعلق رکھنے والے مخدوم امین فہیم کا تعلق ایک بااثر خاندان سے تھا اور وہ پیپلز پارٹی کی مقتول رہنما بے نظیر بھٹو کے متعمد ساتھیوں میں سے تھے۔
جب کہ اُن کے والد مخدوم زمان پیپلز پارٹی کے بانیوں میں سے تھے۔
مخدوم امین فہیم سروری جماعت کے روحانی پیشوا بھی تھے۔
وہ پیپلز پارٹی کے ادوار حکومت میں وفاقی وزیر بھی رہ چکے تھے۔