رسائی کے لنکس

سابق وزیراعظم گیلانی اور امین فہیم کے وارنٹ گرفتاری جاری


یوسف رضا گیلانی (فائل فوٹو)
یوسف رضا گیلانی (فائل فوٹو)

پاکستان پیپلز پارٹی اپنے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف مقدمات کی بنیاد سیاسی محرکات کو قرار دیتی ہے۔

پاکستان میں انسداد بدعنوانی کی ایک عدالت نے ملک کے ایک سابق وزیراعظم اور سابق وزیرتجارت کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

سابقہ حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر مخدوم امین فہیم کے خلاف ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) سے متعلق بدعنوانی کے مختلف مقدمات درج ہیں۔

بدھ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے "ایف آئی اے" نے 12 مقدمات کے حتمی چالان کراچی میں وفاقی انسداد بدعنوانی کی عدالت میں پیش کر دیے جس کے بعد عدالت نے دونوں شخصیات کو گرفتار کر کے 10 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور حکومت میں ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میں مختلف کمپنیوں کو جعلی سبسڈی یا (رعایت) کی مد میں دو ارب روپے دیے جانے کے الزامات سامنے آئے تھے، اُن کے دور میں مخدوم امین فہیم وفاقی وزیر تجارت تھے ۔

شائع شدہ اطلاعات میں مخدوم امین فہیم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ لندن کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں اور حالیہ دنوں میں ہونے والے ایک آپریشن کے بعد سے ان کی حالت غیر تسلی بخش ہے۔

ایک روز قبل ہی سابق صدرمملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے معتمد ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین کو بھی بدعنوانی کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا تھا جب کہ اسی جماعت کے ایک سابق صوبائی صدر قاسم ضیا بھی ایسے ہی الزامات کے تحت حکام کی تحویل میں ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی اپنے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف مقدمات کی بنیاد سیاسی محرکات کو قرار دیتی ہے۔

XS
SM
MD
LG