بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں زیر تعمیر ایک پل گرنے سے 14 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو شہر کے مشرقی علاقے میں واقع گریش پارک کے قریب پیش آیا اور بتایا جاتا ہے کہ اب بھی متعدد افراد پل کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کو باہر نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اس حادثہ کے وجہ کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ایک زور دار آواز سنائی دی جس کے بعد اس نے دیکھا کہ پل گر کر دو حصوں میں تقسیم ہو گیا۔
اس پل کی تعمیر 2010 میں شروع ہوئی تاہم کئی سالوں تک اس کی تعمیر مکمل نا ہو سکی اور اب اس پل کی تعمیر کے کام کو رواں سال کے اواخر تک مکمل ہونا تھا۔
بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نےکہا کہ وہ اس حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر نہایت افسردہ ہیں اور وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بھارت میں ہونے والے تعمیراتی حادثوں کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے اور مبصرین اکثر ان حادثوں کی وجہ ناقص میٹریل اور غیر معیاری تعمیری کام کو قرار دیتے ہیں۔