دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی "ایپل" نے اپنے نئے 'آئی فون 6' میں 'ایپل پے' نامی نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔
اس سروس کے استعمال سے صارفین اپنے موبائل فون کے ذریعے کہیں بھی پیسوں کی ادائیگی محفوظ طریقے سے ممکن بناسکتے ہیں۔
اس سروس کے تحت صارفین اپنے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کی تفصیل اپنے 'آئی فون' میں محفوظ کرسکتے ہیں جنہیں بعد ازاں وہ 'آئی فون'یا 'آئی واچ' کے ذریعے دنیا میں ان تمام جگہوں پر استعمال کرسکیں گے جہاں ان کارڈز کے ذریعے خریداری یا ادائیگی کی سہولت دستیاب ہو۔
دنیا بھر میں آئی فون استعمال کرنےوالے صارفین کو 'ایپل پے' کی سہولت پہنچانے کا کریڈٹ اس کے سات ڈویلپرز کے سر ہے جن میں ایک پاکستانی احمر علی خان بھی شامل ہیں۔
اڑتیس سالہ احمر علی خان کا تعلق پاکستان کے شہر راولپنڈی سے ہے اور انہوں نے 'غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ 'سے گریجویشن کر رکھی ہے جہاں انہیں ان کےساتھی طلبہ 'پروگرامر' کے نام سے جانتے تھے۔
احمر 2000ء میں امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں قائم سیلیکون ویلی منتقل ہوگئے تھے جو دنیا کا سب سے بڑا 'ٹیکنالوجی ہب'ہے۔
جریدے ' نیوز ویک پاکستان' کی ایک رپورٹ کے مطابق احمر نے اپنے کیریئر کی باقاعدہ ابتدا سے قبل کئی چھوٹی ٹیکنالوجیز پر کام کیا۔ بعد ازاں وہ 'ویوو ٹیک' نامی کمپنی سے منسلک ہوگئے جہاں انہوں نے فیلڈ کمیو نیکشن سوفٹ ویئر کی تیاری کے سلسلے میں کسی فون ڈیوائس پر بغیر کسی رابطے کے کریڈٹ کارڈز کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کے نظام پر کام کیا۔
بعد ازاں 2011ء میں 'ایپل' نے احمر کو اپنے سب سے 'ٹاپ سیکریٹ' ڈیجیٹل ادائیگی کے سسٹم پر کام کیلئے منتخب کیا اور یوں پاکستانی پروگرامر نے اپنے چھ ساتھی ڈویلپرز کے ساتھ مل کر یہ نظام ڈویلپ کیا جسے 'ایپل پے' کا نام دیا گیا ہے۔
'ایپل پے' خریداری اور ریٹیل بینکنگ کے ایک انقلابی متبادل کے طور پر سامنے آیا ہے جس کے بعد آپ کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ ساتھ رکھے بغیر بھی انہیں استعمال کرسکیں گے۔
'ایپل' کے سربراہ ٹم کک نے گزشتہ ماہ نئے 'آئی فون 6' کی لانچنگ کے موقع پر 'ایپل پے' سروس کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ نئے آئی فون میں موجود دنیا کا یہ سب سے ڈیجیٹل طریقہء ادائیگی، ہمارے شاپنگ کے انداز کو ہمیشہ کیلئے بدل کر رکھ دےگا۔
اس سروس کے ذریعے صارفین آئی فون میں موجود نئی ایپلیکیشن 'پاس بک' میں اپنے کریڈٹ کارڈز اور ڈیبٹ کارڈز کی تمام معلومات کوانتہائی محفوظ طریقے سے ڈیوائس پر منتقل کرنے کے بعد کارڈ کے بغیر صرف فون کے ذریعے کہیں بھی پیسوں کی ادائیگی کرسکیں گے۔