رسائی کے لنکس

عرب لیگ مبصرین کا پہلا وفد شام پہنچ گیا


عرب لیگ مبصرین کا پہلا وفد شام پہنچ گیا
عرب لیگ مبصرین کا پہلا وفد شام پہنچ گیا

ایک ایسے وقت میں جب حکومت مخالف مظاہرین کےخلاف شامی سیکیورٹی افواج کی پرتشدد کاروائیاں جاری ہیں، عرب لیگ کے مبصرین کا پہلا وفد شام پہنچ گیا ہے۔

جمعرات کو شام پہنچنے والی ٹیم کے ارکان عرب لیگ کے ان سینکڑوں مبصرین کی تعیناتی کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے جو آئندہ چند ہفتوں کےدوران شام پہنچیں گے۔

مبصرین اس بات کا جائزہ لیں گے کہ عرب لیگ سے کیے گئے وعدے کے مطابق آیا شامی حکومت نے حزبِ اختلاف کے خلاف جاری پرتشدد کاروائیوں روک دی ہیں یا نہیں۔

حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف کاروائیاں روکنے کے لیے بڑھتے ہوئے عالمی دباؤ کے پیشِ نظر صدر بشار الاسد کی حکومت گزشتہ ہفتے ملک میں عرب لیگ کے مبصرین کی تعیناتی پر رضامند ہوگئی تھی۔

عرب لیگ کی جانب سے صدر الاسد کی حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا جارہا ہے کہ وہ شہروں سے فوجی دستوں کو واپس بلا ئیں اور حزبِ اختلاف کے ساتھ مذاکرات شروع کریں۔

دریں اثنا انسانی حقوق کے کارکنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ شامی سیکیورٹی افواج کے چھاپوں اور جھڑپوں کے دوران جمعرات کو مزید 21 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

لندن میں قائم شامی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے دعویٰ کے مطابق نو ہلاکتیں حکومت مخالف تحریک کے گڑھ 'حمص' میں ہوئی ہیں۔

شامی حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ پیر سے جاری تشدد کی حالیہ لہر کے دوران سرکاری فورسز کے تشدد سے اب تک کم از کم ڈھائی سو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG