رسائی کے لنکس

طوفان ’نیلوفر‘ کے باعث پاکستان اور بھارت میں الرٹ جاری


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں اُٹھنے والے طوفان ’نیلوفر‘ کی شدت آئندہ 36 سے 48 گھنٹوں میں زیادہ ہو سکتی ہے۔

بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان ’نیلوفر‘ کے بعد پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میں محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں اور عام لوگوں کو آئندہ بدھ سے جمعہ تک گہرے سمندر میں جانے سے باز رہنے کو کہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں اُٹھنے والے طوفان ’نیلوفر‘ کی شدت آئندہ 36 سے 48 گھنٹوں میں زیادہ ہو سکتی ہے۔

بلوچستان اور صوبہ سندھ کے ساحلی علاقوں بشمول کراچی میں اس سمندری طوفان کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

گہرے سمندر میں موجود ماہی گیروں سے کہا گیا کہ وہ بدھ سے قبل ہی واپس لوٹ آئیں۔

بھارت میں بھی حکام نے اپنے ملک کے مغربی ساحل کی طرف بڑھنے والے اس طوفان سے متعلق ’انتباہ‘ جاری کر دیا ہے۔

اس سے قبل رواں مہینے ہی بھارت کو’ہدہد‘ نامی سمندری طوفان کا سامنا کرنا پڑا جس میں متعدد افراد ہلاک جب کہ آندھرا پردیش اور اوڑیسا کی ریاستوں سے لگ بھگ چار لاکھ لوگوں کو طوفان سے قبل ہی محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔

XS
SM
MD
LG