رسائی کے لنکس

فیفا ورلڈکپ کوالیفائنگ مقابلے: برازیل اور ارجنٹائن کے میچ میں ہنگامہ


فٹ بال ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے برازیل کو ورلڈکپ کوالیفائنگ میچ میں ایک گول سے شکست دے دی۔

برازیل کے ماراکانا گراؤنڈ میں منگل کو میچ شروع ہونے سے قبل ارجنٹائن کے تماشائیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔

کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا جب گراؤنڈ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے جا رہے تھے۔ اس دوران پولیس نے تماشائیوں پر لاٹھی چارج کیا۔

اس موقع پر ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی صورتِ حال کو معمول پر لانے کے لیے اسٹینڈ کی طرف گئے لیکن کچھ بہتری نہ آنے پر وہ ڈریسنگ روم چلے گئے۔

دونوں حریف ٹیموں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے بعد جب میچ کا آغاز ہوا تو میزبان ٹیم کے مداحوں نے اپنی ٹیم کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔

میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ لیکن دوسرے ہاف کے 63ویں منٹ میں ارجنٹائن کے سینٹر بیک کھلاڑی نکولس اوتامیندی نے گول کر کے ٹیم کو سبقت دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں برازیل کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے جب کہ اپنی سرزمین پر برازیل کی یہ پہلی شکست ہے۔

برازیل کی نامور فٹ بالر نیمار اور ونیکس جونیئر انجری کی وجہ سے میچ نہ کھیل سکے جب کہ ارجنٹائن کے کپتان مارکونس بھی پاؤں میں درد کی وجہ سے دوسرا ہاف نہ کھیل سکے۔

دو ہزار چھبیس کے ورلڈکپ کوالیفائنگ مقابلوں میں مسلسل تیسری شکست کے بعد برازیل کی ٹیم اپنے گروپ میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

برازیل کے خلاف کامیابی کے بعد ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے کہا کہ گراؤنڈ میں جو کچھ ہوا وہ بہت برا تھا کیوں کہ تماشائیوں کو مارا جا رہا تھا۔ اسٹینڈ پر موجود فیمیلیز موجود تھیں اور ہمیں نہیں معلوم تھا کہ یہ سب کچھ کیا ہو رہا ہے جس پر ہمیں کافی تشویش تھی۔

برازیل کے خلاف کامیابی کو میسی نے اہم جیت قرار دیا اور کہا کہ برازیل میں کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا بہت اچھا ہے اور ایک ایسی ٹیم کے خلاف جس کی اپنی سرزمین پر جیت کی ایک تاریخ ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG