رسائی کے لنکس

انتخابی عمل کے لیے فوج کی تعیناتی کی منظوری


آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں الیکشن 2018 کے شفاف انعقاد میں مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات میں فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے جبکہ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان ہیڈ کواٹر کی سیکیورٹی پاک فوج کے حوالے کردی گئی ہے۔

پاک فوج کی اعلی کمانڈر پر مشتمل کور کمانڈرز کانفرنس کا اجلاس آرمی چیف جنرل قمر باجودہ کی زیر صدارت راولپنڈی جی ایچ کیو میں ہوا جس میں جیو سٹریٹیجک صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیاہے کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمشن کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں الیکشن 2018 کے شفاف انعقاد میں مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ داخلی استحکام کے فوائد علاقے تک پہنچائیں گے۔ پائیدار امن و استحکام لانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دفاع کیساتھ الیکشن کی قومی ذمہ داری بھی نبھائیں گے جبکہ انہوں نے آئندہ عام انتخابات میں فوج کی تعیناتی کی بھی منظوری دے دی ہے۔

دوسری جانب پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان ہیڈ کواٹر کی سیکیورٹی پاک فوج کے حوالے کردی گئی ہے۔30 ون کو فہرستیں فراہم ہونے کے بعد چھپائی کا کام شروع ہوگا۔ انتظامیہ نے پی سی پی ہیڈکواٹرمیں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ملازمین کیلئے موبائل فون لیجانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی تک تمام پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

28 مئی 2018 کو سیکریٹری الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ کے دوران عام انتخابات میں پولیس سیکیورٹی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لیے پاک فوج کی خدمات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس کے دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں 20 ہزار پولنگ اسٹیشن حساس قرار دے دیئے گئے ہیں۔

دو روز قبل الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے موقع پر فوج کی تعیناتی کے لیے وزارت دفاع کو سمری ارسال کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکاروں کی خدمات مانگی ہیں۔

الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ پولنگ سے ایک روز قبل پاک فوج کنٹرول سنبھال لے گی۔

XS
SM
MD
LG