رسائی کے لنکس

ایشین گیمز ہاکی:پاکستان کو شکست ،بھارت کی تیسری پوزیشن


ایشین گیمز ہاکی میں تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو دو، ایک سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

بھارت نے کھیل کے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور آکاش دیپ سنگھ نے پہلے پیریڈ کے تیسرے منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔

پاکستان ٹیم نے بھارتی برتری ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی کامیابی نہ ملی اور پہلا پیریڈ بھارت کی برتری کے ساتھ ختم ہوا۔

دوسرے اور تیسرے پیریڈ میں دونوں جانب سے بھرپور حملے کیے گئے لیکن کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔

کھیل کے آخری پیریڈمیں دونوں جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے میں آیا اور 50 ویں منٹ میں ہرمن پریت سنگھ گول کرکے بھارت کی برتری دُگنی کردی جس کے بعد پاکستان کے میچ میں واپس آنے کی امیدیں اور بھی کم ہوگئیں۔

52 ویں منٹ میں محمد عتیق نے پاکستان کی طرف سے پہلا گول کرکے خسارہ 2-1 کردیا لیکن میچ کے باقی وقت میں بھارتی دفاعی کھلاڑیوں نے پاکستانی پلیئرز کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور میچ اسی اسکور پر انجام کو پہنچا، یوں بھارت نے ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

میچ کے دوران پاکستان ٹیم کو چار پنالٹی کارنر ملے لیکن کوئی گول نہیں کرسکی جبکہ بھارت کو دو پنالٹی کارنر ملےجس میں ایک پر گول ہوا۔

ایونٹ کا فائنل جاپان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG