رسائی کے لنکس

برطانیہ میں ایشین شادی میلہ


ماڈلز نےکھلتے ہوئے رنگوں اور خوبصورت زردوزی اور نفیس کشیدہ کاری والے بھاری عروسی جوڑے پہن کر ریمپ پر بڑے شاہانہ انداز سے واک کی تو گویا اسٹیج رنگ ونورمیں نہا گیا۔

عروسی ملبوسات کوگلیمر کے انداز میں پیش کرنا اب ایک روایت بن چکا ہے۔ شادی بیاہ کے میلوں اور برائیڈل شوز کو بیرون ملک بھی خاصا پسند کیا جاتا ہے جہاں لوگوں کو مشرقی اندازی کی شادی کی منصوبہ بندی کے لیے مارکیٹ کی سرگرم شادی کمپنیوں کے کام دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

شادی کے یہ میلے مقامی اور بین الااقوامی فیشن ڈیزائنرز کے لیے اپنی منفرد تخلیقات کو پیش کرنے کا ایک عمدہ موقع ہوتے ہیں جس میں ایشیائی ثقافت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ یہ سرگرمی ایک طرح کا کاروبار بھی ہے جہاں ڈیزائنرز عام لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

زیورات کے اسٹال پر خواتین کا رش
زیورات کے اسٹال پر خواتین کا رش

گزشتہ روز ویڈنگ اور لائف اسٹائل میگزین 'سلیک ایشین' کی جانب سے مانچسٹر میں سالانہ 'بولٹن شادی میلہ' کا اہتمام کیا گیا۔ شادی میلے کی مناسبت سے 'بولٹن ایکسی لینسی' کے پرشکوہ ہال کی سجاوٹ دیکھنےسے تعلق رکھتی تھی۔ خاص طورپر اسٹیج کو ایشیائی روایت کی مناسبت سے بڑی بڑی محرابوں، دلکش سنہرے پردوں اور خوبصورت فانوس سے سجایا گیا تھا۔

اسٹیج پر عروسی جوڑوں کی ماڈلز
اسٹیج پر عروسی جوڑوں کی ماڈلز

اسٹیج پر میزبانی کے فرائض مارکس نثار نے ادا کئے جنھوں نے اپنی دلچسپ سے حاضرین کی توجہ بٹنے نہیں دی۔ میلے میں حسب روایت عروسی ملبوسات کے انتخاب کو پیش کرنے کےلیے خصوصی فیشن شو کا اہتمام کیا گیا تھا۔

گلوکارہ فادیا نغمہ سرا ہیں
گلوکارہ فادیا نغمہ سرا ہیں

بولٹن شادی میلے میں مقامی فنکارہ فادیا نے اپنی خوبصورت آواز اور دلکش پرفارمنس سے لوگوں کو محظوظ کیا۔ انھوں نے لوگوں کی فرمائش پر بالی وڈ کے ہٹ نغمے اور نورجہاں کے گانے گائے اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ ان کے علاوہ دیسی چاندنی، بوکی ریز، بالی وڈ ڈانس یوکے اور دیگر فنکاروں نے اسٹیج پر اپنی پرفارمنس کا جادو جگایا۔

بھارتی ملبوسات کا اسٹال
بھارتی ملبوسات کا اسٹال

معروف کوریو گرافر ندیم سلیم نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فیشن شو کو بہت خوبصورت انداز میں کوریو گراف کیا۔ مدھر اور دھیمے سروں والی موسیقی کے ساتھ جس وقت فیش شو کا آغاز ہوا تو ماحول پر ایک سحر سا طاری ہوگیا۔

ایشین میک اپ آرٹسٹ
ایشین میک اپ آرٹسٹ

فیشن شو کے آغاز میں ڈیزائنرز نے اپنے عروسی ملبوسات کے انتخاب کی نمائش کی جس میں دلہن کے روایتی ملبوسات کو جدت طرازی کے ساتھ پیش کیا گیا۔ ماڈلز نےکھلتے ہوئے رنگوں اور خوبصورت زردوزی اور نفیس کشیدہ کاری والے بھاری عروسی جوڑے پہن کر ریمپ پر بڑے شاہانہ انداز سے واک کی تو گویا اسٹیج رنگ ونورمیں نہا گیا۔ خوبصورت ماڈلز عروسی جوڑے میں اپسرائیں معلوم ہو رہی تھیں جبکہ ان کے ساتھ دولہا کی بھاری کامدار شیروانی اورخوبصورت کامدار کرتے پاجامے پہن کر ماڈلز نے شو کی رونق میں چار چاند لگا دیے۔

دلہن کے لباس میں میلے کی میزبان خاتون
دلہن کے لباس میں میلے کی میزبان خاتون

​فیشن شو میں پاکستان، بھارت، دبئی اور مقامی بوتیک نے عروسی ملبوسات کی نئی رینج متعارف کرائی۔ اس کے علاوہ پارٹی ملبوسات کی بھی بڑی ورائٹی سے انتخاب کو پیش کیا گیا جو مہندی، شادی اور ولیمے کی مناسبت سے تیار کئے گئے تھے اور جن میں جدت کے ساتھ پاکستانی روایت کے انداز کو بھی مد نظر رکھا گیا تھا۔ اس موقع پر حاضرین کی جانب سے دلہن کے میک اپ آرٹسٹ اور ہیراسٹائلسٹ کے کام کو بھی سراہا گیا۔

پاکستانی ملبوسات کا اسٹال
پاکستانی ملبوسات کا اسٹال

​میلے میں ایشین شادی بیاہ کی تمام ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی اور پاکستانی ملبوسات، چوڑیاں، مہندی، جیولری، کیک، ایشین میک اپ آرٹسٹ، فوٹوگرافرز، ویڈیوگرافرز، ڈھول پلئیر، ڈی جے اور ایشین کیٹرز کی خدمات کے اسٹالز لگائے گئے تھے جس میں حاضرین نے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

XS
SM
MD
LG