پاکستانی کرکٹر اور بیٹسمین آصف علی کی دو سالہ بیٹی نور فاطمہ کینسر کے باعث امریکہ میں انتقال کرگئیں۔
کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر نے صحافیوں کو بتایا کہ نور فاطمہ گزشتہ کئی ماہ سے بیمار اور ان دنوں امریکہ میں زیر علاج تھیں۔ تاہم وہ کینسر کے خلاف زندگی کی جنگ ہار گئیں۔
پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے آصف علی سے ان کی بیٹی کے انتقال پر افسوس اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ادھر پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان نے بھی ٹویٹر کے ذریعے آصف علی سے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے لئے صبر کی دعا کی ہے۔
پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے بھی آصف علی سے اظہار ہمدردی کیا گیا ہے۔ آصف علی پاکستان سپرلیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم کا حصہ تھے۔
پی ایس ایل سیزن فور جاری ہی تھا کہ اس دوران انہیں بیٹی کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاع ملی جس پر وہ بے اختیار روپڑے تھے۔ انہیں روتا دیکھ کر آسٹریلین ٹیم کے سابق کوچ ڈین جونز بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے تھے اور ان کی انکھوں میں بھی آنسو آگئے تھے۔
آصف علی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستانی اسکواڈ کا بھی حصہ تھے اور اتوار کو انہوں نے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ بھی کھیلا۔
انگلینڈ ٹور پر روانگی سے قبل انہوں نے ٹویٹر کے ذریعے اپنی بیٹی کی خرابی طبعیت کی اطلاع دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ "نور فاطمہ کو کینسر ہے جو چوتھے اسٹیج پر ہے۔ اسے ہم علاج کی غرض سے امریکہ لے جارہے ہیں۔"
انہوں نے ایک گھنٹے کی مختصر مدت میں امریکی ویزہ جاری کرنے پر امریکی حکام کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔