پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جلد وہ حکمراں جماعت سے عوام کی جان چھڑ وائیں گے اور قبل از وقت انتخابات کروا کر پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے۔
انہوں نے ہنستے ہوئے یہ بھی کہا کہ انہیں قبل از انتخابات کا اشارہ ملا ہے۔
ٹنڈو الہ یار میں اتوار کو پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ جب بھی عوام کاحق مجروح ہوا ہے ان کی جماعت نے اس کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتے رہیں گے۔
ان کا یہ کہنا تھا کہ ایوب خان نے اپنے دور میں بنیادی جمہوریت کا ڈرامہ کیا تو ذوالفقار علی بھٹو سابق صدر ایوب خان سے لڑے اور بعد میں ہر مارشل لا کا ہماری پارٹی نے مقابلہ کیا۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو عوام کی حمایت حاصل نہیں، یہی وجہ ہے کہ ملکی معیشت بری ہو یا بھلی عمران خان کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی کوئی سیاسی پودا لگتا ہے اسے کاٹ کر مصنوعی پودا کھڑا کردیتے ہیں۔
آصف زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن شفاف ہوتے تو کپتان نہیں کوئی اور حکومت میں ہوتا۔
انہوں نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ ’ان ‘ کی سوچ میں صرف پسند نا پسند ہے اور ’انھیں مجھ سے تکلیف صرف اٹھارویں ترمیم پر ہے۔ یہ مجھ پر دباؤ ڈال رہے ہیں، میں مان بھی جاؤں تو پارٹی، سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا نہیں مانیں گے۔‘
آصف زرداری نےایک صحافی کے سوال پر کہا کہ قبل از وقت الیکشن کا اشارہ مل رہا ہے جو جلد متوقع ہیں۔
’جیل ہمارا دوسرا گھر ہے ‘
اس سے قبل اتوار کی دوپہر ہی سابق صدر نے میڈیا کانفرنس سے بھی خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’جیل ہمارا دوسرا گھر ہے، ہماری گرفتاری سے کیا ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے خلاف جب بھی کارروائی ہوتی ہے وہ اور مضبوط ہوجاتی ہے۔‘
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کانفرنس سے خطاب میں حکومت اور بغیر نام لئے تنقید کی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انہیں ‘ انڈر 16 کہتا ہوں انہیں کھیلنا آتا ہی نہیں، پکڑ دھکڑ چھوڑ دیں تو کوئی کام ہو۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ ادارے کمزور ہوں، ورنہ ایک اور جارحانہ فورس ہے جسے غلط فہمی ہے کہ ہمیں کوئی خوف ہے، ہم ان کی حوصلہ افزائی نہیں چاہتے اس لیے ہم ہمیشہ انہیں گنجائش دیتے ہیں، ہمیں ان سے صرف غیر جانبداری لینی ہے، باقی پاور ہم خود لیں گے۔‘
آصف زرداری نے کہا کہ کراچی سے 63 فیصد ریو نیو حاصل ہوتا ہے، ہم 63 فیصد واپس نہیں مانگ رہے، وہی مانگ رہے ہیں جو حصہ بنا ہے اور بلوچستان کا حصہ کم نہیں ہوسکتا کیوں کہ وہاں بہت مشکلات ہیں۔
موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندھوں کی حکومت ہے جنہیں سمجھ ہی نہیں، صوبے مضبوط ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہوگا۔ اسلام آباد مضبوط ہونے سے ملک مضبوط نہیں ہوگا۔
زرداری کو سزا ملے گی ، پاکستان تحریک انصاف
تاہم دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت یقینی طور پر آصف علی زرداری کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی کرپشن کے قصے ساری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور اب انہیں بہت جلد سزا ملے گی جس کے بعد ان سے عوام اور ہماری جان چھوٹ جائے گی۔
فردوس شمیم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ گیارہ سال سے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ میں برسراقتدار ہے لیکن کراچی کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہ آ سکا۔ انہوں نے دعوی کہا کہ کرپشن کے پیسے منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھجوائے گئے اور جعلی اکاؤنٹس قائم کرکے کالے دھن کو سفید کیا جاتا رہا۔
فردوس شمیم نقوی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اب تک 18 ویں ترمیم سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم ان کی حکومت چاہتی ہے کہ تعلیم صحت اور اس طرح کے دیگر شعبوں میں سارے ملک میں ایک ہی پالیسی رکھی جائے مگر اس بات کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی حامی ہے اور وہ اختیارات کا ارتکاز نہیں چاہتی تاہم بعض شعبوں میں ملک بھر میں ایک جیسے جی سی سی رکھنا ضروری ہے۔