رسائی کے لنکس

فلم پٹھان کی ریلیز قریب: 'شاہ رخ خان کون ہیں؟'


فلم پٹھان کی ریلیز دو دن بعد ہونی ہے۔
فلم پٹھان کی ریلیز دو دن بعد ہونی ہے۔

بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ‘پٹھان’ کی ریلیز میں دو ہی دن باقی بچے ہیں البتہ فلم سے متعلق تنازعات رکنے کا نام نہیں لے رہے۔

بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے وزیرِ اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما، جنہوں نے ہفتے کو پٹھان فلم کے خلاف ہونے والے احتجاج کے بعد پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں دریافت کیا تھا کہ “شاہ رخ خان کون ہے”، نے اتوار کو سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ان کی شاہ رخ خان سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے سپر اسٹار کو یقین دلایا ہے کہ حکومت یقینی بنائے گی کہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔

بھارتی اخبار 'انڈین ایکسپریس' کے مطابق جمعے کو بجرنگ دل کے کارکن گوہاٹی میں قائم گولڈ ڈیجیٹل سنیما ہال کے باہر جمع ہوئے تھے اور انہوں فلم پٹھان کے پوسٹرز پھاڑ دیے تھے جب کہ متعدد پوسٹرز کو نذرِ آتش کرتے ہوئے ویڈیو بنائی تھی۔

وشوا ہندو پرشاد کے ترجمان ونود بنسل کا کہنا ہے کہ بجرنگ دل کے سٹی یونٹ کا احتجاج دائیں بازو والے ہندو گروہوں کی پیروی ہے۔

ونود کا کہنا تھا کہ ان کا مؤقف بالکل واضح ہے۔ بالی وڈ کے ’بھائی جان‘ کو ہندو برادری سے معذرت کرنی پڑے گی اور جب تک فلم میں درکار تبدیلیاں نہیں کی جاتیں، وہ فلم کو ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔

خیال رہے کہ ہمانتا بسوا کا ہفتے کو کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ یہ پٹھان وٹھان کیا ہے، انہوں نے اس بارے میں نہیں سنا۔ نہ انہوں نے یہ فلم دیکھی ہے۔ ان کے پاس اس کے لیے ٹائم نہیں۔ ان کے بقول یہ شاہ رخ کون ہے؟ انہیں اس کے بارے میں فکر مند ہونے کی کیا ضرورت ہے۔ ان کے پاس یہاں کئی شاہ رخ خان ہیں۔

بسوا کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں آسام کی فلم ‘ڈاکٹر بیزباروہا’ ریلیز ہو گی، انہیں اس کے بارے میں بھی فکر مند ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فکر مند تو شاہ رخ خان کو ہونا چاہیے۔

دوسری طرف اتوار کو وزیرِ اعلیٰ آسام نے سوشل میڈیا پوسٹ کی کہ شاہ رخ خان نے انہیں کال کی۔ انہوں نے شاہ رخ خان سے رات دو بجے بات کی۔

ان کے مطابق شاہ رخ خان نے گوہاٹی میں ہونے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شاہ رخ خان سے کہا کہ یہ ریاست کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان کو یقینی بنائے۔ وہ پوچھیں گے اور یقینی بنائیں گے کہ کوئی ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔

ہفتے کو ہونے والے احتجاج سے متعلق گوہاٹی کے پولیس کمشنر سے جب پوچھا گیا کہ مظاہرین کے خلاف کیا ایکشن لیا گیا؟ تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بارے میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

بھارت کی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی گزشتہ ہفتے دہلی میں ہونے والے اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پارٹی کارکنان کو تلقین کی تھی کہ وہ فلم سے متعلق غیر ضروری جملے کہنے سے اجتناب کریں۔

مودی کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی غیر ضروری جملے نہیں کہنے چاہیے جو کہ ان کی محنت پر پانی پھیر دیں۔

بی جے پی کے بعض سینئر رہنماؤں کی، جن میں ریاست مدھیا پردیش کے وزیرِ داخلہ ناروتم مشرا اور بھوپال کے رکن اسمبلی پراگیہ ٹھاکر شامل ہیں، طرف سے فلم پٹھان میں ہیروئن دیپکا پڈوکون کے مبینہ قبلِ اعتراض ملبوسات پہننے پر اس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG