رسائی کے لنکس

خیبرپختونخوا کے نگران وزیرِاعلیٰ اعظم خان  نے حلف اٹھا لیا


پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے نگرانِ وزیرِاعلیٰ محمد اعظم خان نے حلف اٹھا لیا ہے۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق ہفتے کو صوبائی دارالحکومت پشاور میں منعقدہ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے محمد اعظم خان سے نگران وزیرِاعلیٰ کا حلف لیا۔

اس موقع پر تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور عبدالشکور، اسپیکر مشتاق غنی، سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سبکدوش ہونے والے وزیرِاعلیٰ محمود خان اور حزب اختلاف کی نمائندگی کرنے والے سابق وزیرِاعلیٰ اکرم خان درانی نے نگران وزیرِاعلیٰ کے لیے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا۔

منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کو بے گناہ قرار دے دیا

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سولہ ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں وزیرِاعظم کے بیٹےسلیمان شہباز کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔

وائس آف امریکہ کے لاہور سے نمائندے ضیاء الرحمٰن کے مطابق سلیمان شہباز عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر ہفتے کو اسپیشل جج سینٹرل بخت فخر بہزاد کے روبرو پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سلیمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے ثبوت نہیں ملے۔ سلیمان شہباز اور دوسرے شریک ملزم طاہر نقوی کے بھی کیس میں ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔

اس پر وکیل سلیمان شہباز نے کہا کہ ایف آئی اے نے دونوں کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔ اس لیے وہ ان کی ضمانت کی درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دیں۔ ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ مجاز اتھارٹی سے منظوری کے بعد آئندہ سماعت تک چالان جمع کرا دیں گے۔ کیس کی سماعت چار فروری تک ملتوی کردی گئی۔

XS
SM
MD
LG