رسائی کے لنکس

کویت میں رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے کم ازکم 40 بھارتی کارکن ہلاک 50 زخمی


12 جون 2024 کو کویت میں آگ کا شکار ہونے والی
رہائشی عمارت۔
12 جون 2024 کو کویت میں آگ کا شکار ہونے والی رہائشی عمارت۔
  • کویت میں ہاؤسنگ ورکرز کی عمارت میں لگنے والی آگ میں کم از کم 49 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی ہے۔
  • اس رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 40 بھارتی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
  • آگ کویت کے منگاف کے علاقےمیں لگی جہاں غیر ملکی کارکنوں کی بڑیی تعداد آباد ہے۔
  • حکام کا کہنا ہے کہ تعمیراتی ضابطوں کی خلاف ورزی آگ لگنے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔

کویت میں بدھ کو صبح سویرے لگنے والی آگ نے ہاؤسنگ ورکرز کی ایک عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے کم از کم 49 افراد ہلاک ہو گئے۔ جن میں سے کم از کم 40 بھارتی شہری ہیں۔ 50 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

کویت میں بدھ کو صبح سویرے لگنے والی آگ نے ہاؤسنگ ورکرز کی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے کم از کم 49 افراد ہلاک ہو گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ ضابطہ کی خلاف ورزیاں آگ لگنے کی ممکنہ وجہ ہیں۔

آگ کویت کے منگاف کے علاقےمیں لگی جہاں غیر ملکی کارکنوں کی بڑیی تعداد آباد ہے۔

بھارتی میڈیا اور دیگر ذرائع نے بتا یا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سے اکثریت کا تعلق بھارت سے ہے، جن کی تعداد کم از کم 40 ہے۔

بی بی سی نے ایک امدادی کارکن شمس الدین کنیتھ کے حوالے سے بتایا ہےکہ 49 مرنے والوں میں بھارتیوں کے علاوہ پاکستانی، بنگلہ دیشی، فلپینی اور نیپالی بھی شامل تھے۔

کینتھ نے بتایا کہ کچھ لاشیں جلی ہوئی تھیں جن کی شناخت ممکن نہیں تھی، اور ڈی این اے ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی۔

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "میری دلی ہمدردی ان تمام لوگوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے قریبی عزیزوں کو کھو دیا ہے"۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا ہےکہ وزیر مملکت کیرتی وردھن سنگھ ، وزیر اعظم مودی کی ہدایت پر کویت روانہ ہوں گی تاکہ آگ میں زخمی ہونے والے بھارتیوں کی امداد کی نگرانی کریں اور مرنے والوں کی لاشوں کی جلد وطن واپسی کو یقینی بنائیں۔

کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیحٰیی نے اپنے بھارتی ہم منصب سے بات کی اور بھارتی کارکنوں کی ہلاکت پر حکومت اور شہریوں کی جانب سے ان سے تعزیت کی۔

کویتی وزیر خارجہ نےہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کویت زخمی ہونے والوں کے علاج کےلیے تمام وسائل کا استعمال کرے گا۔

عرب ٹائمز نے اطلاع دی ہے کہ مرنے والوں کی اکثریت 20 سے 50 سال کی عمرکے درمیان بھارتی شہریوں کی تھی جو ایک نجی کمپنی میں کام کررہے تھے۔ اس عمارت میں 195 سے زیادہ مزدور رہتے ہیں،جو بنیادی طور پر کیرالہ، تامل ناڈو اور شمالی بھارت سے تعلق رکھنے والے افرادہیں۔۔

آگ سے بچ جانے والے ایک مصری ڈرائیور نے بتایا کہ آگ عمارت کی نچلی منزلوں سے شروع ہوئی اور جب وہ اوپر پہنچی اس وقت تک دھواں پوری عمارت میں بھر گیا تھا۔

امدادی کارکن جائے حادثہ پر۔ کویت ٹی وی
امدادی کارکن جائے حادثہ پر۔ کویت ٹی وی

پولیس نے کہا ہے کہ بہت سے رہائشیوں کو بچا لیا گیا لیکن بہت سے لوگ دھویں میں سانس گھٹ جانےسے ہلاک ہو گئے۔

عمارت میں آگ لگنے کی جگہ کا دورہ کرنے کے بعد، کویت کے وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف الصباح نے کہا، "رئیل اسٹیٹ مالکان کی لالچ ہی ان معاملات کی طرف لے جاتی ہے۔"

وزیر داخلہ نے عمارت کے مالک کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ عمارتوں میں مزدوروں کی گنجائش سے زیادہ رہائش کے مسئلے کو حل کریں گے۔

بھارتی سفیر کے مطابق، بھارتی شہریوں کا اسپتالوں میں علاج کیا جارہا ہے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ دیگر متاثرین کی قومیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

کویتی آبادی کا دو تہائی حصہ غیر ملکی کارکنوں پر مشتمل ہے اور ملک کا بہت زیادہ انحصار تارکین وطن مزدوروں پر ہے، خاص طور پر تعمیراتی شعبوں میں۔
انسانی حقوق کے گروپوں نے تواتر سے ان کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کویت میں دنیا کے چھٹے سب سے بڑے تیل کے ذخائر ہیں۔ اس سے قبل 2022 میں ایک آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی تھی جس میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کویت کی ہنگامی امدادی سروسز کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات اے پی سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG