گلگت بلتستان میں بابو سر ٹاپ کے قریب مسافر بس حادثے میں کم سے کم 26 افراد ہلاک اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق اتوار کو گلگت بلتستان سے راولپنڈی آنے والی مسافر بس بے قابو ہو کر پہاڑ سے ٹکرا گئی۔ دور افتادہ علاقے ہونے کے باعث مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مانسہرہ اور چلاس سے پولیس اور امدادی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے حادثے میں 10 فوجی جوانوں کی ہلاکت بھی تصدیق کی ہے۔
فوج کے مطابق آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے زخمیوں اور حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو سی ایم ایچ اسپتال گلگت منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد چلاس کے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے میں زیادہ تر کا تعلق سکردو سے ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جب کہ واقعے کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے بس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو زخمیوں کی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی ہے۔