آسٹریلیا کی وزیراعظم جولیا گیلارڈ پر ان کی حکومت میں شامل اتحادی جماعت کی جانب سے دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ پارلیمانی بحث میں افغانستان میں آ سٹریلوی فوجیوں کی موجودگی کا دفاع کریں۔ اس معاملے پر آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ بحث منگل سے شرو ع ہو رہی ہے۔
جولیا گیلارڈ کی مخلوط حکومت کے لیے جنگ مخالف گرین پارٹی کی حمایت نہایت ضروری ہے اور اس جماعت نے وزیراعظم کو اس بات پر آماد ہ کیا کہ وہ اس معاملے پر تین روزہ بحث کرائیں۔
توقع کی جارہی ہے کہ جولیا گیلارڈ اور حزب اختلاف کے راہنما ٹونی ایبٹ آسٹریلوی افواج کی افغانستان میں تعیناتی کا دفاع کریں گے۔ لیکن یہ بحث جولیا گیلارڈ اور گرین پارٹی کے اتحادمیں شگاف ڈال سکتی ہے۔
افغانستان میں آسٹریلیا کے 1550 فوجی تعینات ہیں جو نیٹو ممالک کے علاوہ کسی بھی ملک کی طرف سے بھیجے جانے والے سب سے زیادہ فوجی ہیں۔ لیکن جنگ میں آسٹریلوی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کے باعث عوامی سطحی پر ان تعیناتیوں کی حمایت میں کمی آئی ہے۔