اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف کوششوں میں اضافے پر زور دیتے ہوئے اس صورت حال کو براہ راست افریقہ میں قحط سالی اور آسٹریلیا میں سیلاب سے منسلک کیا ہے۔
جمعرات کو آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں اُنھوں نے عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے سائنسی نظریے پر شک و شبہ کا اظہار کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ماحولیاتی تبدیلی حقیقت ہے‘‘۔
ایک روز قبل نیوزی لینڈ میں مسٹر بان اور پیسیفک میں جزیرہ نما ریاستوں کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں ماحول کو نقصان پہنچانے والی ’گرین ہاؤس‘‘ گیسوں کے اخراج میں کمی لانے کے لیے عالمی سطح پر فوری اقدامات پر زور دیا گیا۔
اُنھوں نے کہا کہ یہ اقدامات جزیرہ نما ریاستوں کی بقا کو یقینی بنانے کے لیے نا گزیر ہیں۔