رسائی کے لنکس

کرونا کے خدشات: آسٹریلیا نے دورۂ جنوبی افریقہ ملتوی کر دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خدشات کے پیشِ نظر دورۂ جنوبی افریقہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان آئندہ ماہ تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز شیڈول تھی۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے دورۂ جنوبی افریقہ ملتوی کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے قائم مقام چیف آپریٹنگ افسر نکی ہوکلی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کو دیکھتے ہوئے ماہرین کی رائے کے مطابق ٹیم جنوبی افریقہ نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں اپنے کھلاڑیوں کا رسک نہیں لے سکتے۔ اس لیے دورۂ جنوبی افریقہ کے شیڈول میں تبدیلی کی جائے گی۔

آسٹریلیا نے گزشتہ ہفتے ہی دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کی ایک نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے جو امریکہ اور برطانیہ میں بھی پہنچ گئی ہے۔

نکی ہوکلی کا کہنا تھا کہ مارچ میں شیڈول ٹیسٹ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں کا احساس ہے اور سیریز کرنے ملتوی کرنے کے فیصلے سے ہمیں بھی دکھ پہنچا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عالمی وبا کے آغاز سے ہی کرکٹ آسٹریلیا نے کھلاڑیوں کی صحت اور جان کو اولین ترجیح دی ہے۔ لیکن بدقسمتی سے بائیو سیکیور منصوبے پر اتفاق کے باوجود موجودہ صورتِ حال میں کرونا کا رسک زیادہ ہے۔

اُن کے بقول آسٹریلیا اس کرونا وائرس کے دور میں بھی کرکٹ کے فروغ کے لیے پیش پیش ہے تاہم کھلاڑیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

XS
SM
MD
LG