رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: افغانستان سے افواج کی قبل از وقت واپسی کا اعلان


آسٹریلیا کی وزیراعظم جولیا گیلارڈ نے کہا ہے کہ افغانستان میں تعینات ان کے ملک کی افواج کو طے شدہ منصوبے سے قبل واپس بلا لیا جائے گا۔

اُنھوں نے منگل کو کینبرا میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ افغانستان سے رواں سال آسٹریلیا کے فوجیوں کے انخلاء کا عمل شروع ہو گا۔

اُنھوں نے کہا کہ انخلاء کا عمل مکمل ہونے میں 12 سے 18 ماہ کا وقت لگے گا اور یہ کام 2013ء کے وسط تک مکمل ہو جائے گا۔

افغانستان کے صوبہ ارزگان میں آسٹریلیا کے تقریباً 1550 فوجی تعینات ہیں اور جولیا گیلارڈ کا کہنا ہے کہ ان کا ملک افغان نیشنل سکیورٹی فورسز کو 2014ء کے بعد بھی تربیت کی فراہمی جاری رکھے گا۔

2001ء میں افغانستان میں طالبان کے خلاف شروع کیے گئے فوجی آپریشن میں اب تک آسٹریلیا کے 32 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

توقع ہے کہ افغانستان سے آسڑیلیا کی افواج کے انخلاء کا عمل ملک میں آئندہ عام انتخابات سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG