آسٹریلیا نے رواں ماہ بنگلہ دیش میں ہونے والے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ فیصلہ اپنے کھلاڑیوں کے "تحفظ اور سلامتی" سے متعلق خدشات کی بنا پر کیا گیا۔
"افسوس کے ساتھ، ہماری حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کے لیے سفر کرنے والے آسٹریلوی شہریوں کے لیے خطرات اب بھی اسی حد تک موجود ہیں جو کہ گزشتہ سال کے اواخر میں ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم بھیجنے سے منع کیے جانے کے وقت موجود تھے۔"
بیان میں کہا گیا کہ تمام معلومات اور مشورے کے بعد "ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اس مشکل فیصلے کے سوا ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں ہے۔"
گزشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا نے سکیورٹی خدشات کی بنا بنگلہ دیش سے اپنی ٹیسٹ سیریز کو ملتوی کر دیا تھا۔
بنگلہ دیش کرکٹ کے عہدیدار یہ کہتے آئے ہیں کہ وہ بین الاقوامی ٹیموں کو ایسی سکیورٹی فراہم کریں گے جو کہ سربراہان مملکت اور ایسی ہی اعلیٰ ترین شخصیات کو فراہم کی جاتی ہے۔
لیکن جنوبی ایشیا کے اس ملک میں گزشتہ سال انتہا پسندی کی طرف سے متعدد ہلاکت خیز واقعات جن میں دو غیر ملکیوں کو بھی جان سے ہاتھ دھونا پڑا، مختلف ممالک یہاں سکیورٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔