رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: خواتین فٹ بالرز کو بھی مردوں کے برابر معاوضہ ملے گا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کی قومی ٹیم میں شامل خواتین فٹ بالرز کو اب مرد کھلاڑیوں کے مساوی معاوضہ ملے گا۔ اس حوالے سے بدھ کو باقاعدہ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ صنفی امتیاز کے خاتمے کے سلسلے میں اس اقدام کو سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔

آسٹریلیا کی فٹ بال فیڈریشن کے اعلان کردہ نئے نظام کے تحت فٹ بال کلب ماٹیلڈاس کی اسٹار فٹ بالرز سیم کیر اور ایلی کارپینٹر کو مرد کھلاڑیوں ارون موئے اور میٹ ریان کے مساوی معاوضہ ملے گا۔

یہی نہیں بلکہ اب خواتین فٹ بالرز مرد کھلاڑیوں کی طرح عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے بزنس کلاس میں سفر کر سکیں گی۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اس معاہدے کو امریکہ کی خواتین فٹ بالرز کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے جنہوں نے امریکی سوکر فیڈریشن کے خلاف مردوں کے مساوی تنخواہیں ادا نہ کرنے پر مقدمہ دائر کیا ہوا ہے۔

امریکہ کے علاوہ فرانس میں بھی رواں سال مرد اور خواتین فٹ بالرز کو یکساں معاوضے کے مطالبات سامنے آ چکے ہیں۔

آسٹریلیا کی فٹ بال فیڈریشن کے مطابق چار سالہ معاہدے کے تحت اگلے عالمی کپ تک فٹ بالر کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کی آمدنی کا 24 فی صد حصہ ملے گا۔ کھلاڑی جتنا اچھا پرفارم کریں گے انہیں اتنی ہی زیادہ آمدنی ہو گی۔

ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر حاصل ہونے والی انعامی رقم میں بھی کھلاڑیوں کا حصہ 30 فی صد سے بڑھا کر 40 فی صد کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں خواتین فٹ بالرز سے ایک معاہدہ کیا گیا تھا جس کے تحت تمام پیشہ ور خواتین فٹ بالرز کو مردوں کے مساوی اجرت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو اب پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔

آسٹریلیا حالیہ عرصے میں ایک ایسے ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے جہاں کھیلوں میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو مساوی معاوضے دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG