رسائی کے لنکس

نئی حکومت، مسائل پرانے


اس حقیقت سے اختلاف نہیں کہ جس وقت ن لیگ پاکستان کی باگ ڈور سنبھال رہی ہے، پاکستان توانائی، معاشی اور سکیورٹی کے حوالے سے اپنے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ کیا نئی حکومت ان مسائل کے حوالے سے عوام کو مطمئن کر پائے گی؟

الیکشن کے بعد پوری قوم پاکستان میں نئی حکومت کے اقتدار میں آنے اور ملکی مسائل پر ہنگامی طور پر کام شروع کرنے کی امید لگائے بیٹھی ہے۔ لیکن، گرمی کی شدت اور انسانی برداشت سے باہر لوڈ شیڈنگ نے، ترقی کے خواب دیکھنے والی پاکستانی قوم کو پُرسکون زندگی گزارنے کی خواہش تک محدود کر دیا ہے۔

نئی حکومت کو ملک کی باگ ڈور سنبھالنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔ جبکہ، اس کے بعد پہلا مرحلہ گزشتہ حکومت کی ناکامیوں اور مبینہ کرپشن کے نتیجے میں ملکی خزانے کو ہونے والے نقصان کی رپورٹ کرنے کا ہو گا۔ بعدازاں، انہی رپورٹس کو مسائل کے حل میں ہونے والی تاخیر کے جواز کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کی حکومت کی پیداکردہ مشکلات کو بہانہ بنا کر مسلم لیگ ن کچھ عرصہ تو گزار سکتی ہے (جسے آپ، ہنی مون پیریڈ بھی کہہ سکتے ہیں) لیکن، آخرکار انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے عوامی دباوٴ کا سامنا کرنا ہی پڑے گا۔

اس حقیقت سے اختلاف نہیں کیا جا سکتا کہ جس وقت ن لیگ پاکستان کی باگ ڈور سنبھال رہی ہے پاکستان توانائی، معاشی اور سیکیورٹی کے حوالے سے اپنے بدترین دور سے گزر رہا ہے، جو کسی بھی نئی حکومت کو پل صراط سے گزارنے کے مترادف ہے۔ اگر دیکھا جائے تو مسلم لیگ ن کو اپنی حکومت میں زیادہ دباوٴ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسمبلی میں مکمل مینڈیٹ لینے کے بعد تمام دیگر سیاسی جماعتیں اپوزیشن میں بیٹھی نظر آرہی ہیں، جو مسلم لیگ کو اس مینڈیٹ کا ’احترام‘ کرنے پر دباوٴ ڈالتی رہیں گی، جبکہ مسلم لیگ کے پاس حکومتی اتحاد کی ناکامی کا جواز بھی نہ ہوگا۔

دوسرے یہ کہ، تمام صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتوں کو مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کے ساتھ لے کر چلنا بھی کسی چیلنج سے کم نہ ہوگا۔ جبکہ، ناکامی کی صورت میں، انہیں اپنا سیاسی انجام پیپلزپارٹی جیسا ہوتا بھی نظر آ رہا ہے۔


مسلم لیگ کی حکومت کو جہاں حقیقی چینلجز کا سامنا ہے وہیں ایک اہم معاملہ پاکستان کے مذہبی یا لبرل رجحان کا تعین بھی کرنا ہے۔

آئندہ پانچ سالوں میں حکومت کا طالبان، امریکی پالیسیوں، ڈرون اور افغانستان اور بھارت کے حوالے سے لائحہ عمل مستقبل میں پاکستانی پالیسیوں میں توازن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔


اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا نئی حکومت مسائل کے حوالے سے عوام کو مطمئن کر پائے گی؟ اگر ہاں، تو کب؟
XS
SM
MD
LG