رسائی کے لنکس

کرکٹ سے دوری کے باعث 'ردھم' میں آنے میں وقت لگے گا: بابر اعظم


بابر اعظم (فائل فوٹو)
بابر اعظم (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے اعتراف کیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث کرکٹ نہ ہونے سے صلاحیتوں کو زنگ لگ رہا ہے۔ لیکن اُن کے بقول بنیادی تبدیلیوں کے بعد وہ 'ردھم' میں آ جائیں گے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کو انٹرویو دیتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ "کرکٹ سے طویل دوری سستی پیدا کر سکتی ہے۔ لیکن اگر کرکٹر اپنی بنیاد یاد رکھے تو دوبارہ ردھم حاصل کیا جا سکتا ہے۔"

اُنہوں نے کہا کہ ردھم میں آنے میں وقت لگے گا۔ لیکن وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور لوگ اسی بابر اعظم کو دوبارہ دیکھیں گے جسے اُنہوں نے چند ہفتے قبل دیکھا تھا۔

بابر اعظم مارچ کے وسط میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) منسوخ ہونے کے بعد دیگر کھلاڑیوں کی طرح گھر تک ہی محدود ہیں۔ عالمی سطح پر کرکٹ سمیت دیگر تمام کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ "ماضی میں اچھی کارکردگی دکھا کر میں مطمئن ہو جاتا تھا۔ لیکن میں نے سوچ بدلی اور خود سے کہا کہ مجھے اس سے بھی اچھا پرفارم کرنا ہے۔ اب اچھی کارکردگی سے میں خوش نہیں ہوتا بلکہ یہ سوچتا ہوں کہ میرے کھیل میں مزید نکھار کیسے آ سکتا ہے۔"

بابر کا کہنا تھا کہ یہ بہت آسان ہے کہ آپ اچھا کھیل کر خوش ہوں۔ لیکن اب میرا مقصد یہ ہے کہ میں جو بھی کروں اس کا فائدہ ٹیم کو ہو۔ "ضروری یہ نہیں ہے کہ آپ رنز کر رہے ہیں، بلکہ ضروری یہ ہے کہ آپ کے رنز سے ٹیم جیت رہی ہے یا نہیں۔"

بابر اعظم کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کی رینکنگ میں پہلے پانچ بہترین بلے بازوں میں شامل ہیں۔ بابر اعظم نے گزشتہ پانچ ٹیسٹ میچوں کے دوران پانچ سینچریاں اسکور کی تھیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے دوران بھی بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کو ہدایت کر رکھی ہے کہ وہ اپنی فٹنس برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز رکھیں۔

XS
SM
MD
LG