کرونا وائرس کے باعث دُنیا بھر میں اربوں افراد لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں تک محدود ہیں۔ ان میں کئی اداکار، کھلاڑی اور سیاسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ جن کے لیے عام حالات میں ایک ایک لمحہ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔
اہم شخصیات نے نہ صرف خود کو آئسو لیشن میں رکھا ہوا ہے بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو بھی وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے مشورے دے رہے ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور اُن کی اداکارہ اہلیہ انوشکا شرما بھی گھر تک محدود ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں دونوں اسٹارز نے بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے 21 روزہ لاک ڈاؤن پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد اپنے گھر پر ہی کزنز کے ساتھ ٹیپ بال کرکٹ کھیل کر وقت گزار رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بالی وڈ اسٹار امیتابھ بچن کی بھی تصویر گردش کر رہی ہے، جس میں وہ گھر میں ہی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے جم میں موجود ہیں۔
بالی وڈ اداکارہ سنی لیون نے بھی خود کو گھر تک محدود کر رکھا ہے۔
ٹوئٹر پر اُنہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ فٹنس برقرار رکھنے کے لیے ڈانس کر رہی ہیں۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی اپنے بیٹے کے ہمراہ گھر کے لان میں وقت گزار رہے ہیں۔
فرانسیسی گلوکار اسٹیفن سیناشل اپنے گھر کی بالکونی سے لوگوں کو محظوظ کرتے رہے۔
رومانیہ سے تعلق رکھنے والی ٹینس اسٹار سیمو ہیلپ فرصت ملنے پر اپنے گھر میں کیک تیار کر رہی ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث چار لاکھ سے زائد افراد متاثر جب کہ 18 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایسے میں دُنیا کی اڑھائی ارب سے زائد آبادی لاک ڈاؤن کے باعث گھروں تک محدود ہے۔