رسائی کے لنکس

بگرام جیل کا انتظام افغان حکومت کو منتقل


افغان حکام امریکہ سے اس جیل کے کنٹرول کے حصول کو ملکی خودمختاری کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہیں۔

امریکہ نے افغانستان میں قائم بگرام جیل کا انتظام افغان حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اس جیل میں بند بعض قیدیوں کے مستقبل کے بارے میں اختلاف کے باوجود پیر کو کابل میں ایک تقریب میں اس قید خانے کا کنٹرول باضابطہ طور افغانستان کو سونپ دیا گیا۔

افغان حکام امریکہ سے اس جیل کے کنٹرول کے حصول کو ملکی خودمختاری کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہیں۔

بگرام جیل میں بند 3000 قیدیوں کو افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

نیٹو کے ترجمان نے اتوار کو کہا تھا کہ انھوں نے 99 فیصد قیدی افغان انتظامیہ کے حوالے کر دیے ہیں جب کہ بقیہ کی منتقلی اس لیے روک دی کیوں کہ مارچ میں افغانستان کی حکومت سے قیدیوں کے مستقبل کے بارے میں طے پانے والی معاہدے پر من و عن عمل درآمد کے حوالے سے نیٹو کے کچھ تحفظات ہیں۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ نیٹو افواج کے خدشات کی نوعیت کیا ہے لیکن بظاہر یہ لگتا ہے کہ ہفتہ کو افغان صدر حامد کرزئی اور ملک میں اعلیٰ امریکی کمانڈر جنرل جان ایلن کی ملاقات کے بعد قیدیوں کے مستقبل کے بارے میں اختلاف سامنے آئے ہیں۔

افغان عہدیداروں کا اصرار ہے کہ تمام قیدیوں کو 72 گھنٹوں میں ان کے حوالے کر دیا جائے۔

اس جیل میں قید 50 غیر ملکی جنگجوؤں جن میں سے اکثریت پاکستانیوں کی ہے ان کے مستقبل کے بارے میں افغان اور نیٹو حکام کے مابین طے پانے والے معاہدے میں احاطہ نہیں کیا گیا ہے۔

بگرام جیل کو ’پاروان حراستی مرکز‘ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے اور یہ افغانستان میں نیٹو کے ایک بڑی فوجی اڈے پر واقع ہے۔
XS
SM
MD
LG