بحرین کے حکام نے اُن تین مجرموں کو موت کی سزا دے دی ہے، جنھیں پچھلے اتوار کے روز پولیس پر مہلک حملے کا قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔ 'عرب موسم بہار' کے سلسلے کی کشیدگی کے بعد، جس نے 2011ء میں ملک میں افراتفری پھیلا دی تھی، ملک میں موت کے فیصلے پر پہلی بار عمل درآمد کیا گیا ہے۔
استغاثہ نے بتایا ہے کہ مجرمان کو علی الصبح فائرنگ اسکواڈ کے سامنے پیش کیا گیا۔ سنہ 2010 کے بعد امریکہ کے اتحادی ملک میں دی جانے والی یہ اپنی نوعیت کی پہلی سزا ہے، ادھر موت کے گھاٹ چڑھائے جانے والوں سےیکجہتی کے طور پر ریلیاں نکالی گئیں، جب کہ ایک روز قبل، پولیس اور سرگرم کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
عباس السمیع، سمیع مشیمہ اور علی السغناک کو سنہ 2015 میں دو بحرینیوں کو ہلاک کرنے اور 2014ء میں ہونے والے ایک بم حملے میں امارات کے ایک پولیس والے کو ہلاک کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔ گذشتہ ہفتے ایک بحرینی عدالت نے اُن کو دی جانے والی موت کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔
سنہ 2011میں بغاوت کو کچل دیا گیا تھا
بحرین ایک چھوٹا سا ملک ہے جس کا ساحل سعودی عرب سے ملتا ہے، جو امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کی میربانی کے فرائض انجام دیتا ہے۔ یہ بیڑا جزیرہ نما عربستان کے پانیوں میں گشت کرتا ہے اور قریبی ملک، ایران کی بحری سرگرمیوں پر چوکسی رکھتا ہے۔
سرکاری افواج نے اپنے اتحادیوں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مدد سے سنہ 2011 کی بغاوت کو کچل دیا تھا۔ تاہم، اکثریتی شیعہ آبادی کے ہاتھوں ملک کو کم سطح کی کشیدگی درپیش ہے، جسے ڈر ہے کہ سنی شہنشاہیت اُنھیں اقلیت میں بدل دے گی۔
بحرین کی جانب سے سنہ 2010 میں پھانسی پر عمل درآمد کیا گیا تھا، جس میں ایک بنگلہ دیشی شہری ملوث تھا؛ حالانکہ تب سے کئی مجرمان کو پھانسی کا فیصلہ سنایا جا چکا ہے۔
حکومت کے مخالفین سزا پر عمل درآمد کو سیاسی بنیاد پر دی جانے والی سزائیں قرار دے رہے ہیں، جب کہ ہفتے کو مجرمان کے ساتھ یکجہتی کے طور پر سینکڑوں افراد نے سڑکوں پر مظاہرہ کیا، ایسے میں جب یہ افواہیں عام تھیں کہ اُنھیں سزا دی جا رہی ہے۔
اتوار کی ہنگامہ آرائی میں ایک پولیس والا زخمی
سماجی میڈیا پر جاری کی گئیں تصاویر میں چند سرگرم کارکناں کو سڑکوں پر ٹریفک بند کراتے دکھایا گیا ہے، کوڑا کرکٹ کو آگ لگی ہوئی ہے، جب کہ پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں پیٹرول بم پھینکے جا رہے ہیں۔
دارالحکومت مناما کے مغربی علاقے، بنی جمرہ میں ایک پولیس والا اُس وقت زخمی ہوا جب لوگوں نے گشت پر مامور پولیس والوں پر گولی چلا دی۔ یہ بات اتوار کو وزارتِ داخلہ نے بتائی ہے۔ وزارت کی جانب سے مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔