رسائی کے لنکس

پاکستان کا بیلسٹک میزائل ‘غزنوی’ کا تجربہ


میزائل تجربہ (فائل فوٹو)
میزائل تجربہ (فائل فوٹو)

پاکستان نے زمین سے زمین پر ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ رواں سال کیا جانے والا یہ دوسرا میزائل تجربہ ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں زمین سے زمین پر 290 کلو میٹر فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل 'غزنوی' کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بیلسٹک میزائل متعدد قسم کے جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے 23 مئی کو 'شاہین ٹو' نامی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ اور یہ میزائل جوہری اور روایتی، دونوں طرح کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 1500 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کے بقول، چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی طرف سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے والی ٹیم کو مبارک باد دی گئی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا ہے کہ بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھی ٹیم اور قوم کو مبارک باد پیش کی گئی ہے۔

پاکستان اور اس کے پڑوسی ملک بھارت کے درمیان حالیہ دنوں میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں پاکستان کا یہ تجربہ اہمیت کا حامل ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے پانچ اگست کو جموں و کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

پاکستان کے میزائل اور اُن کی صلاحیت

پاکستان کے پاس مختلف میزائل موجود ہیں جن میں سے ہر ایک کی رینج اور صلاحیت مختلف ہے۔ بیٹل فیلڈ رینج بیلسٹک میزائل میں حتف 50 کلو میٹر، نصر 70 کلو میٹر اور ابدالی 200 کلو میٹر کی رینج کے ہیں۔

شارٹ رینج بیلسٹک میزائل میں غزنوی 300 کلو میٹر اور شاہین ون 750 سے 900 کلو میٹر تک شامل ہیں۔

میڈیم رینج بیلسٹک میزائل میں غوری ون 1500 کلو میٹر، غوری ٹو 1800 کلو میٹر، ابابیل 2200 کلو میٹر، شاہین ٹو 2500 کلو میٹر اور شاہین تھری 2750 کلو میٹر کی رینج تک شامل ہیں۔

کروز میزائل میں بابر ون حتف سیون 700 کلو میٹر، بابر ٹو حتف سیون 750 کلو میٹر اور حتف تھری راعد میزائل 550 کلو میٹر کی رینج رکھتا ہے۔

پاکستان کے پاس سمندر سے زمین پر مار کرنے والا بابر تھری، فضا سے زمین پر مار کرنے والا راعد اور برق میزائل کے علاوہ کندھے پر رکھ کر فائر کرنے والے میزائل عنزہ، اینٹی شپ میزائل صرب اور حربہ موجود ہیں۔

پاکستان کے بیلسٹک میزائل اور کروز میزائل ہر قسم کے روایتی و غیر روایتی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG