رسائی کے لنکس

بلوچستان: حملے میں اسپین کا سیاح زخمی، 6 اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسپین کا ایک سیاح جے ہاوئیر سائیکل پر دنیا کا چکر لگانے کے لیے ایران سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں اسپین سے تعلق رکھنے والے ایک سائیکلسٹ کی حفاظت پر معمور چھ لیویز اہلکار شدت پسندوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جب کہ حملے میں اسپین کے سیاح سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔

ضلع مستونگ ہی کی حدود میں منگل کی شب شیعہ زائرین کی ایک بس پر خودکش کار بم حملے میں دس خواتین سمیت 28 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بدھ کی صبح ہونے والے واقعہ کے بارے میں ضلع مستونگ میں لیویز حکام نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ اسپین کا ایک سیاح ہاوئیر سولانا سائیکل پر دنیا کا چکر لگانے کے لیے ایران سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔

حکام کے مطابق مستونگ شیعہ زائرین کی بس پر حملے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اسپین کے سائیکلسٹ کو منگل کی شب سفر جاری رکھنے سے روک دیا تھا اور بُدھ کی صبح لیویز اہلکاروں کی حفاظت میں سائیکلسٹ نے اپنے سفر کا آغاز کیا۔

ہاوئیر سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ جب کوشک کے علاقے میں پہنچا تو قریبی پہاڑیوں پر مورچہ زن مسلح افراد نے لیویز کی گاڑیوں پر جدید خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی، جس سے تین اہلکاروں نے مو قع پر اور تین نے اسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ دیا۔

جبکہ ہاوئیر سمیت دس لیویز اہلکار زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس واقعہ کے بعد علاقے میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری بھی طلب کر لی گئی اور کو شک کے پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

اس دوران کئی بار مسلح افراد اور ایف سی کے جوانوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم بعد میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اُدھر مستونگ میں منگل کی شب بس پر ہلاکت خیز بم حملے میں مرنے والوں کے لواحقین اور شعیہ مظاہرین بدھ کی صبح لاشوں کے ساتھ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے عملدار روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ حملہ آوروں اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ’ٹارگیٹڈ آپریشن‘ کیا جائے۔

بس پر حملے کے بعد شیعہ ہزارہ برادری کی کال پر علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔

پاکستان کے سرحدی شہر تفتان سے زائرین کی بس کوئٹہ آ رہی تھی کہ اُسے ضلع مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں منگل کی شب خودکش کار بم حملے سے نشانہ بنایا گیا۔

زائرین کی بس کی حفاظت پر معمور لیویز اہلکاروں کی دو گاڑیوں کو بھی حملے میں نقصان پہنچا جب کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں بھی لیویز اہلکار شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG