رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، فیصلہ اتوار تک متوقع


مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گردحملے کے بعد سے کوئی غیر ملکی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں آئی
مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گردحملے کے بعد سے کوئی غیر ملکی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں آئی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ اتوار تک کرلیا جائے گا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ اتوار تک کرلیا جائے گا۔

جمعرات کو ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے 'بی سی بی' کے سربراہ نظم الحسن نے کہا کہ مجوزہ دورے کے معاملے پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور اس بارے میں حتمی فیصلہ اتوار تک کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چوں کہ بنگلہ دیش نے اب تک اس دورے کا حتمی اعلان نہیں کیا ہے، لہذا وہ اس کے متعلق زیادہ بات نہیں کرسکتے۔

یاد رہے کہ پاکستان کو مجوزہ دورے کی یقین دہانی 'بی سی بی' کے سابق صدر مصطفی کمال نے کرائی تھی اور بورڈ کی موجودہ انتظامیہ اس وعدے کی پاسداری کا عزم ظاہر کرتی آئی ہے۔

قبل ازیں رواں ماہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز کے درمیان مجوزہ دورے پر "اصولی اتفاق" ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹ حکام نے دورے کو 'انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)' کی سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کرنے کے بیانات دیے تھے۔

مارچ 2009ء میں پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گردحملے کے بعد سے کوئی غیر ملکی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں آئی۔

یہی وجہ ہے کہ 'پی سی بی' حکام کو بنگلہ دیشی ٹیم کے مجوزہ دورے سے یہ توقع ہے کہ اس سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو یہ دورہ رواں سال اپریل میں کرنا تھا لیکن ڈھاکہ ہائی کورٹ نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دو طرفہ سیریز کھیلنے کے لیے ٹیم کو پاکستان جانے سے روک دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیشی ٹیم کے مجوزہ دورے کے دوران میں لاہور میں ایک 'ون ڈے' اور ایک 'ٹوئنٹی20' میچ کی میزبانی کی پیش کش کی ہے ۔
XS
SM
MD
LG