رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: پورے ملک میں بجلی کی فراہمی متاثر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بجلی کمپنی کے ایک عہدیدار مطاہر حسین کے مطابق بھارت سے آنے والی لائن کی مرمت کی جارہی ہے اور اگر پوری طرح سے نہ بھی سہی تو قابل ذکر حد تک بحالی ممکن بنا لی جائے گی۔

بنگلہ دیش میں پڑوسی ملک بھارت سے بجلی فراہم کرنے والے مرکزی نظام میں خرابی کے باعث پورے ملک میں بجلی بند ہوگئی جسے کئی گھنٹوں کے بعد جزوی طور پر بحال کیا جاسکا ہے۔

بجلی کی فراہمی کے سرکاری ادارے کے سربراہ معصوم البرونی نے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ بجلی کی بندش "تکنیکی خرابی" کی وجہ سے ہوئی۔

"ڈھاکا کو بجلی فراہم کرنے والے سب اسٹیشنوں کو ہم نے ایک ایک کر کے چالو کرنا شروع کیا اور شہر میں جتنی جلدی ممکن ہو سکا بجلی بحال کر دی جائے گی۔"

انھوں نے اس تکنیکی خرابی کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

ہفتہ کی دوپہر پورے ملک میں اچانک بجلی بند ہوگئی لیکن ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے صنعتوں میں تو کام اتنا متاثر نہیں ہوا لیکن گھریلوں اور کاروباری صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈھاکا میں اسپتالوں اور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہنگامی جنریٹروں کے ذریعے بلا تعطل برقی ترسیل جاری رہی۔

بجلی کمپنی کے ایک عہدیدار مطاہر حسین کے مطابق بھارت سے آنے والی لائن کی مرمت کی جارہی ہے۔ " ہمارے کارکن تیزی سے کام کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ پوری طرح نہ بھی سہی تو قابل ذکر حد تک اسے بحال کر لیا جائے گا۔"

بنگلہ دیش نے اکتوبر 2013ء میں بھارت سے 400 میگاواٹ بجلی درآمد کرنا شروع کی تھی۔

جنوبی ایشیا کے اس ملک نے بجلی کے پیداواری منصوبے لگانے اور موجودہ نظام کی استعداد کار بڑھانے کے لیے چین، جاپان، ملائیشیا اور امریکہ کے ساتھ بھی توانائی کے شعبے میں معاہدوں پر دستخط کر رکھے ہیں

XS
SM
MD
LG