رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: بس پر پٹرول بم حملے میں سات ہلاک


یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا کہ جب حزب مخالف کی جماعت نے ملک گیر ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔

بنگلہ دیش میں منگل کو ایک بس پر پٹرول بم کے حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔

یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا کہ جب حزب مخالف کی جماعت نے ملک گیر ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔

پولیس کے مطابق جب بس پر حملہ کیا گیا تو اس میں سوار مسافر سو رہے تھے۔

حزب مخالف کی رہنما اور ملک کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء نے گزشتہ سال ہونے والے انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔

حکمران جماعت کے عہدیداروں کا الزام ہے اس تازہ بم حملے میں حزب مخالف کی جماعت کے کارکن ملوث ہیں۔ تاہم خالدہ ضیا نے ان خبروں کی تردید کی کہ اُن کی جماعت ’بنگلہ دیشن نیشنلسٹ پارٹی‘ یا اس کی اتحادی اسلامی جماعتیں اس طرح کے دھماکوں میں ملوث ہیں۔

پولیس کے مطابق قریبی دیہاتوں میں چھاپے مارے گئے ہیں لیکن فوری طور پر کسی کو گرفتار کرنے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

گزشتہ ماہ خالدہ ضیا کی جماعت اور اُن کی حلیف پارٹیوں نے ملک گیر ہڑتال کر کے ذرائع آمد و رفت کو تقریباً بند کر دیا تھا۔ ان جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ ملک کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نئے انتخابات کا اعلان کریں۔

تاہم وزیراعظم ایسے مطالبات کو رد کرتی آئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG