رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: انتخابات میں حکمران ’عوامی لیگ‘ کامیاب، اپوزیشن کا بائیکاٹ


وزیراعظم شیخ حسینہ واجد
وزیراعظم شیخ حسینہ واجد

عوامی لیگ کی کامیابی متوقع تھی کیوں کہ ملک کی حزب اختلاف کی بڑی جماعت نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا تھا، انتخابات کے دوران تشدد کے واقعات میں 18 افراد ہلاک ہوئے۔

بنگلہ دیش میں انتخابات کے نتائج کے مطابق حکمران جماعت ’عوامی لیگ‘ کامیاب ہو گئی ہے۔ اس طرح کے نتائج متوقع تھے کیوں کہ ملک کی حزب اختلاف کی بڑی جماعت نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا تھا۔

حکام کے مطابق اتوار کو ہونے والے ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح انتہائی کم تھی اور حملوں کے باعث 150 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ ڈالنے کا عمل روک دیا گیا تھا۔

حزب مخالف کے مظاہریں نے کئی پولنگ اسٹیشنز کو آگ لگا دی اور ملک بھر میں تشدد کے واقعات میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے۔

حزب مخالف کی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی نے انتخابات کے روز لوگوں کو گھروں پر ہی رہنے پر زور دیا ہے کیونکہ اس کے بقول یہ انتخابات "ڈھونگ" ہیں، جب کہ حکمران عوامی لیگ کے امیدوار ملک کے اکثر حلقوں سے بلامقابلہ ہی میدان میں اترے۔


بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے قیادت میں حزب مخالف نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اقتدار سے الگ ہو کر انتظام عبوری حکومت کو سونپ دیں جو پولنگ کے عمل کی نگرانی کرے۔

لیکن وزیراعظم حسینہ واجد نے اس سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس طرح کے طریقہ کار سے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا۔

بنگلہ دیش کی سیاست پر کئی دہائیوں سے ان دونوں خواتین سیاسی رہنماؤں شیخ حسینہ واجد اور خالدہ ضیاء کا ایک دوسرے سے براہ راست مقابلہ رہا ہے۔

اتوار کو انتخابات کے موقع پر ملک بھر میں فوج کے ہزاروں اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔

امریکہ، یورپی یونین اور دولت مشترکہ انتخابات کی نگرانی کے لیے اپنے مبصرین بنگلہ دیش بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔
XS
SM
MD
LG