رسائی کے لنکس

کیلیفورنیا: مکھیوں کے چھتوں کی چوری بچانے کے لیے جی پی ایس کا استعمال


کیلی فورنیا میں حکام کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی ہفتوں میں 1036 چھتے، جن میں لاکھوں ڈالروں جتنی قیمتی شہد کی مکھیاں موجود تھیں ریاست میں چوری کر لیے گئے۔
کیلی فورنیا میں حکام کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی ہفتوں میں 1036 چھتے، جن میں لاکھوں ڈالروں جتنی قیمتی شہد کی مکھیاں موجود تھیں ریاست میں چوری کر لیے گئے۔

امریکہ میں شہد کی مکھیاں پالنے والے کاشت کار اربوں کی تعداد میں شہد کی مکھیاں کیلیفورنیا لے جا کر کرائے پر دیتے ہیں تاکہ ریاست کی سب سے قیمتی بادام کی فصل کاشت کی جا سکے۔ لیکن جیسے ہی ساری وادی سفید اور گلابی پھولوں سے بھر جاتی ہے چھتوں کے چوری ہونے کے واقعات بھی سامنے آنا شروع ہو جاتے ہیں۔

اس مسئلے کی روک تھام کے لیے کاشت کار اب جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائس، سرویلنس کیمروں اور دوسری ڈیوائسز کی مدد لے رہے ہیں۔

چھتوں کی چوریاں ملک میں دوسرے علاقوں میں بھی دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ حال ہی میں ریاست پینسلوینیا میں ایک گروسری شاپ میں 60 ہزار شہد کی مکھیوں سے بھرے ہوئے کئی چھتے چوری کر لیے گئے۔ کیلیفورنیا میں یہ چوریاں بڑے پیمانے پر ہو رہی ہیں جہاں ان کی طلب ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی ہفتوں میں 1036 چھتے، جن میں لاکھوں ڈالرز مالیت کی قیمتی شہد کی مکھیاں موجود تھیں ریاست میں چوری کر لیے گئے۔ سب سے بڑی چوری ریاست کی مینڈاسینو کاؤنٹی میں ہوئی جہاں 384 چھتے چوری کیے گئے۔ ریاست کی بی کیپر ایسوسی ایشن نے اس بارے میں معلومات دینے والے کو 10 ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔

تفتیش کاروں کو ایک کاشت کار ہیلیو میڈینا کے چھتوں کے فریم ملے ہیں۔ ایک برس پہلے ان کے 282 چھتے چوری کر لیے گئے تھے۔

انہوں نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس سال چھتوں میں جی پی ایس ٹریکر استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی چھتوں کے ارد گرد انہوں نے کیمرے بھی لگائے ہیں جب کہ جیسے جیسے بادام کے پھول کھل رہے ہیں وہ چھتوں کی نگرانی کے لیے رات کو اپنی گاڑی میں گشت بھی کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق کوئی بھی ان کی مدد نہیں کر رہا اس لیے انہیں ہی خود سے یہ اقدام اٹھانا پڑا۔

بادام کے پھول
بادام کے پھول

کیلیفورنیا میں جہاں دو عشروں پہلے شہد کی مکھیوں کے چھتوں کا کرایہ 50 ڈالر تھا وہ اب بڑھ کر 230 ڈالر ہو چکا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شاید اس لیے ریاست میں چوری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ 2016 میں ایک شخص کو 64 چھتے چرانے کے الزام میں 90 روز کی قید کی سزا دی گئی تھی۔

ریاست میں جہاں بادام کے کاشت کار شہد کی مکھیوں پر انحصار کم کرنے کے لیے ایسی اقسام اگا رہے ہیں جن کے لیے پالینیشن (شہد کی مکھیوں کی مدد سے پھولوں کے نر اور مادہ خلیوں کی منتقلی) کی ضرورت نہ ہو وہیں اب حکومت ایسے پروگراموں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے جس سے جنگلی شہد کی مکھیوں کی نگہداشت کے لیے بہتر ماحول پیدا کیا جا سکے۔

XS
SM
MD
LG