ہاکی ورلڈ کپ 2018ء کا فائنل بیلجیم اور نیدرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ تیسری پوزیشن کے لئے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ سیمی فائنل میچز میں بیلیجم نے انگلینڈ جبکہ نیدرلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی۔
بھارت کے شہر بھونیشور میں جاری ہاکی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بیلجیم نے انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے پانچ۔صفر سے شکست دی۔
ٹام بون نے کھیل کے آٹھویں ہی منٹ میں بیلجیم کو برتری دلائی اور پہلا کوارٹر اسی برتری کے ساتھ انجام کو پہنچا۔
دوسرا کوارٹر بھی بیلجیم کے جارحانہ کھیل کے ساتھ شروع ہوا اور کھیل کے 19ویں منٹ میں سائمن گونارڈ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے برتری ڈبل کر دی جو دوسرے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔
تیسرے کوارٹر میں بھی انگلش کھلاڑی بے بس نظر آئے اور 42ویں منٹ میں سیڈرک چارلیئر نے فیلڈ گول کرکے بیلجیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی، جبکہ صرف تین منٹ بعد ہی الیگزینڈر ہینڈرکس نے پنالٹی کارنر پر بغیر کوئی غلطی کیے گیند گول میں پھینک کر برتری چار۔صفر کر دی۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھی انگلش ٹیم کوئی گول کرنے میں ناکام رہی، جبکہ بیلجیم نے مزید دو گول کرکے نہ صرف0-6 سے میچ جیت لیا بلکہ فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور سیمی فائنل میں نیدرلینڈ نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دی۔
نیدرلینڈ کے گلین شورمین نے نویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی اور پھر 20 منٹ میں سیوا وین ایس نےگول کرکے برتری ڈبل کردی، یوں دوسرے کوارٹر کے اختتام تک آسٹریلوی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی اور نیدرلینڈ کی سبقت برقرار رہی۔
جس طرح پہلے دو کوارٹر نیدرلینڈ کے نام رہے اسی طرح تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں آسٹریلوی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرکے دو گول بنائے اور میچ 2-2 سے برابر کردیا۔
مقررہ وقت تک میچ برابر رہنے پر دونوں ٹیموں کو چھ، چھ شوٹ آؤٹ دی گئیں جس پر نیدرلینڈ نے چار اور آسٹریلیا نے تین گول بنائے، یوں نیدر لینڈ نے میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔
ایونٹ کا فائنل اتوار کو بیلجیم اور نیدرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ تیسری پوزیشن کے لئے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔