کیا آپ اپنے سر کے بال گرنے کی وجہ سے پریشان ہیں یا بڑھاپے کے اثرات آپ کی جلد پر ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں؟ کیا آپ کو معلوم ہے کہ کالا تل نہ صرف انسانی جلد کے لئے مفید ہے بلکہ یہ سر کے بالوں کی نشونما میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
پچھلے وقتوں میں ہر مرض کا علاج جڑی بوٹیوں اور مصالحوں سے کیا جاتا تھا۔ آج کل بھی کئی افراد جڑی بوٹیوں یعنی ہربل کے استعمال کو اس لیے ترجیح دیتے ہیں کیونکہ عموماً ان کے نقصان دہ اثرات نہیں ہوتے۔
کالے تل (Black Sesame) بھی بہت ہی پرانے مصالہ جات میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں۔ یہ بیج اپنے تیل کی وجہ سے بھی انتہائی قابل قدر تصور کئے جاتے ہیں۔ ایک بہت ہی مشہور کہاوت ’Open Sesame‘ جسے اردو میں’ کھل جا سم سم ‘ کہا جاتا ہے, کالے تل کے بیج کے چھلکے سے منسوب کی جاتی ہے جو اپنی عمر پوری ہونے یا پکنے پر کھل جاتے ہیں۔
تل کے بیج کا پودا 5 سے 6 فٹ لمبا ہوتا ہے۔ یہ پودا دنیا کے کئی حصوں میں 4000 سال سے بھی پہلے سے اگایا جا رہا ہے۔ اس کی پیدوار ریتیلی مٹی اور گرم موسم میں زیادہ اچھی ہوتی ہے۔ اس کی افادیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ امریکہ میں اسے بڑی مقدار میں درآمد کیا جاتا ہے۔ تل کا پودا خشک سالی اور انتہائی گرم موسم میں بھی اگنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے اکثر وہاں اگایا جاتا ہے جہاں کپاس کی کاشت کی جاتی ہے۔
تل کے بیج عرصہ دراز سے تیل کے طور پر اور دوسری مصنوعات جیسے روٹی اور بیکری کی اشیا میں استعمال ہوتے آ رہے ہیں۔ دنیا بھر میں پیدا ہونے والے تقریباً 70 فیصد تلوں سے تیل حاصل کرنے اور دوسری غذائی اشیاء میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ تل کے بیج بہترین غذائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان میں چربی (Fat) اور پروٹین کی کافی مقدار ہوتی ہے۔ جاپان میں تل کے بیج کو صحت مند خوراک سمجھا جاتا ہے۔
تل کے بیج جو اپنے حجم کے لحاظ سے بہت چھوٹے ہوتے ہیں، انسانی صحت پر بہت مفید اثرات مرتب کرتے ہیں۔ تل انسانی صحت کی نشونما، جلد پر بڑھاپے کی علامتوں کو ابھرنے سے روکنے اور سر کے بالوں کی لمباٰئی میں اضافے کے لیے بھی مفید ہیں ۔
کالے تلے اپنے اینٹی آکسیڈنٹ خواص کی وجہ سے اپنی عمر سے کم دیکھائی دینے، اور اس میں موجود اومیگا انسانی بالوں کی نشونما میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ تل کے بیج نہ صرف انسانی جلد کو تروتازہ رکھنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ اس میں شامل اینٹی فلیمیٹری اجزا انسانی چہرے کی جلد کی سوزش دور کرنے اور جلد پر انفیکشن پیدا کرنے والے اجزا سے چھٹکارا حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
کالا تل اپنے اندر موجود ہائی فائبر اجزا کی وجہ سے قبض اور بدہضمی کے علاج میں بھی مفید ہوتے ہیں۔ تل کا تیل آنتوں کو چکنا رکھنے جبکہ فائبر آنتوں کو فعال رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ تل کے بیج آنتوں میں پیدا ہونے والے کیڑوں کو ختم کرنے میں بھی مفید ہیں جس سے نظام ہضم بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ کالے تل کے اندر پایا جانے والے میگنیشیم کے اجزا ہائی بلڈ پریشر کو روکنے میں مدد دیتے ہیں۔
اگرچہ تل کو اصلی حالت میں یا بھون کر بھی کھایا جا سکتا ہے۔ لیکن اسے دلیے، چاول، نوڈل وغیرہ میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ اسے آپ دہی، دودھ یا آئس کریم میں شامل کر کے ان کے ذایقے میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ کچھ لوگ تل والے نان ناشتے میں مرغن سالن جیسے نہاری، سری پائے کے ساتھ کھانا بھی پسند کرتے ہیں۔ لیکن مرغن کھانوں کے ساتھ تلوں کے استعمال سے اس کی افادیت کم ہو جاتی ہے۔