رسائی کے لنکس

امریکی صدارتی مباحثہ: بائیڈن اور ٹرمپ کی ایک دوسرے کی پالیسیوں پر تنقید

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کی میزبانی میں ہونے والے صدارتی مباحثے میں دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے کی پالیسیوں پر تنقید کی۔ نوے منٹ کے مباحثے میں دونوں امیدواروں کو برابر وقت دیا گیا تھا۔

07:18 28.6.2024

ٹرمپ کو ’ہش منی‘ معاملے میں قصور وار قرار دینے کا تذکرہ 

مباحثے میں تقریباً 45 منٹ کے بعد صدر جو بائیڈن نے بالآخر سابق صدر کی نیویارک میں ہش منی کیس میں قصور وار قرار دیے جانے کا حوالہ دے دیا۔

بحث کے دوران چھ جنوری 2021 کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بائیڈن نے ٹرمپ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اسٹیج پر واحد شخص جو جرم کا مرتکب ہوا وہ ہے جسے میں دیکھ رہا ہوں۔

ٹرمپ نے اپنی قانونی مشکلات سے متعلق بحث کو آگے بڑھانے کے لیے بائیڈن کے بیٹے ہنٹر کو جرم کے لیے قصور وار قرار دینے کا حوالہ دیا۔

انہوں ںے کہا کہ بائیڈن کے بیٹے تین الزامات میں قصور وار قرار دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بائیڈن اور یوکرین سے متعلق اپنے دیرینہ الزامات کو دہرایا۔ عام طور پر ری پبلکن جو بائیڈن پر تنقید کے لیے یہ سوال اٹھاتے ہیں۔

07:16 28.6.2024

افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر دونوں امیدواروں کی ایک دوسرے پر تنقید

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کو امریکہ کی تاریخ کا سب سے شرم ناک دن قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ "ہم افغانستان سے نکل رہے تھے۔ لیکن ہم عزت، قوت اور طاقت کے ساتھ نکل رہے تھے۔"

صدر بائیڈن نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب ٹرمپ صدر تھے تو اس وقت بھی افغانستان میں لوگ مر رہے تھے۔ انہوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کیا۔

07:09 28.6.2024

امیگریشن اور سرحدی سیکیورٹی سے متعلق سوالات 

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکوہ کیا کہ امریکہ پہنچنے والے مہاجرین کو 'لگژری ہوٹلز'میں ٹھہرایا گیا ہے جب کہ سابق فوجی سڑکوں پر رہ رہے ہیں۔

توقع کے مطابق ٹرمپ نے مہاجرین کے جرائم پر بہت زیادہ زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہاجرین 'ذہنی صحت کے اداروں' اور 'پاگل خانوں' سے غیر قانونی طور پر امریکہ آ رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس دعوے کے لیے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے۔ وہ یہ دعویٰ اپنی انتخابی ریلیوں میں بھی دہراتے رہے ہیں۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں 'سرحدیں تاریخ میں سب سے زیادہ محفوظ تھیں۔' اس دعوے پر بھی بے انتہا سوالات اٹھتے رہے ہیں۔

صدر بائیڈن نے امیگریشن سے متعلق اپنے نکات پر اصرار کیا اور کہا کہ انہوں نے اسائلم کو معطل کرنے کا انتظامی حکم جاری کیا جس کے بعد غیر قانونی تارکینِ وطن میں 40 فی صد کمی آئی ہے۔

07:04 28.6.2024

اسقاطِ حمل سے متعلق سوال

اسقاطِ حمل سے متعلق سوال پر صدر جو بائیڈن نے ریاستوں کی جانب سے اسقاطِ حمل پر پابندیوں کا ذمے دار سابق صدر ٹرمپ کو قرار دیا۔

بائیڈن نے اسقاطِ حمل سے متعلق مشہور زمانہ رو بنام ویڈ فیصلے کو کالعدم قرار دیے جانے اور امریکہ میں حاملہ افراد پر اس کے اثرات سے متعلق ٹرمپ کے تعلق کی نشاندہی کی۔

صدر بائیڈن نے خبردار کیا کہ اگر ٹرمپ دوسری مدت کے لیے صدر بنے تو ملک بھر میں اسقاطِ حمل پر مزید پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئے تو وہ اسقاطِ حمل کی دواؤں تک رسائی نہیں روکیں گے۔ انہوں نے اپنے اس مؤقف کو دہرایا کہ اسقاطِ حمل سے متعلق قوانین ریاستوں پر چھوڑ دینے چاہئیں۔

اس پر صدر بائیڈن نے جواب دیا کہ اسقاطِ حمل کا معاملہ ریاستوں پر چھوڑ دینا ایسا ہی ہے جیسے انہیں شہری حقوق کے تحفظ کا اختیار سونپ دیا جائے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG