سی این این صدارتی مباحثہ؛ ماضی سے کتنا مختلف؟
امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جمعرات 27 جون کو پہلا مباحثہ ہونے جارہا ہے جو امریکہ کے ایسٹرن ٹائم کے مطابق شب نو بجے نشر ہوگا۔ اس مباحثے کی میزبانی امریکی نیوز نیٹ ورک ’سی این این‘ کر رہا ہے۔ اس بار مباحثے کے لیے روایت سے ہٹ کر کئی قواعد و ضوابط بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ تفصیلات ان گرافکس میں۔
صدارتی مباحثہ اردو میں
امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثہ اردو ترجمے کے ساتھ دیکھیے وائس آف امریکہ اردو کی ویب سائٹ پر۔
کانگریس ارکان کس طرح مباحثہ دیکھیں گے؟
مختلف سیاسی وابستگیاں رکھنےو الے ارکانِ کانگریس نے سی این این کو بتایا ہے کہ وہ آج ہونے والے صدارتی مباحثے کو کس طرح دیکھیں گے۔ بعض ارکان باقاعدہ واچ پارٹیز کی صورت میں مباحثہ دیکھ رہے ہیں اور کئی ارکان نے کہا کہ وہ گھر ہی سے مباحثے پر نظر رکھیں گے۔
ایوانِ نمائندگان کی ری پبلکن رکن نینسی میک کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف ڈبیٹ دیکھیں گی بلکہ ہوسکتا ہے کہ اس کے بارے میں لائیو ٹوئٹ بھی کریں۔
ڈیموکریٹ نمائندے ڈین کلڈی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوستوں کے ایک چھوٹے سےگروپ کے ساتھ ڈبیٹ دیکھ رہے ہیں۔
صدارتی مباحثے سے قبل سیکیورٹی انتظامات مکمل
امریکہ کے ایسٹرن ٹائم کے مطابق شب نو بجے کو ہونے ولے پہلے صدارتی مباحثے کا وقت جوں جوں قریب آرہا ہے مباحثے کے مقام کے گرد سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔
صدارتی مباحثہ اٹلانٹا میں سی این این کے اسٹوڈیوز میں ہو رہا ہے جہاں صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ آمنے سامنے ہوں گے۔ اس اسٹوڈیوز کے باہر سینکڑوں صحافی ڈبیٹ کو کور کرنے کے لیے جمع ہیں۔