رسائی کے لنکس

صدر بائیڈن نے امریکی مسابقت سے متعلق سیمی کنڈکٹر بل پر دستخط کر دیے


 امریکی صدر بائیڈن چپس اینڈ سائنس ایکٹ 2022 پر واشنگٹن میں دستخط کر رہے ہیں : فائل فوٹو
امریکی صدر بائیڈن چپس اینڈ سائنس ایکٹ 2022 پر واشنگٹن میں دستخط کر رہے ہیں : فائل فوٹو

امریکی صدر جو بائیڈن نے چپس اور سائنس ایکٹ پر دستخط کر دئے ہیں ، جس کا مقصد گھریلو سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ اور سائنسی تحقیق کے لیے اربوں ڈالر مختص کرنا ہے ۔ اس شعبے میں سرمایہ کاری کا مقصد چین کی اجارہ داری کو ختم کرنا ہے۔

بائیڈن نے منگل کو دستخط کی تقریب کے دوران کہا ،" امریکہ کو ان جدید چپس کی تیاری میں دنیا کی قیادت کرنی چاہیے۔ یہ قانون بالکل ویسا ہی کرے گا، " ۔

انہوں نے دو جماعتی قانون سازی کو ملک میں ایسی سرمایہ کاری" قرار دیا جو نسلوں بعد کبھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اچھے اور زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، معیشت ترقی کرے گی اور امریکی قومی سلامتی کا تحفظ ہوگا۔

بائیڈن نے چپس کی صنعت میں چین کے ساتھ سخت مسابقت پر بات کرتے ہوئے کہا ۔ "یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ چینی کمیونسٹ پارٹی نے اس بل کے خلاف فعال طور پر لابنگ کی " ۔

بائیڈن کے ساتھ ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی، سینیٹ کے اکثریتی رہنما چارلس شومر، کامرس سکریٹری جینا ریمنڈو، اور الیکٹرک گاڑیوں کے ایک چارجنگ نیٹ ورک" اسپارک چارج "کے سی ای او جوشوا ایویو، اسٹیج پر شامل ہوئے۔

شومر نے اس قانون سازی کو "کئی عشروں میں سائنس اور اختراعات میں سب سے بڑی سرمایہ کاری" قرار دیا اور ریپبلکن سینیٹر ٹوڈ ینگ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نےتین سال سے زیادہ عرصے تک سیمی کنڈکٹر سے متعلق قانون سازی پر کام کیا ۔

وائٹ ہاوس میں چپس اینڈ سائنس ایکٹ 2022 پردستخط کے بعد بائیڈن ایکٹ کو تھامے ہوئے: فوٹو اے پی
وائٹ ہاوس میں چپس اینڈ سائنس ایکٹ 2022 پردستخط کے بعد بائیڈن ایکٹ کو تھامے ہوئے: فوٹو اے پی

280 ارب ڈالر کا مجوزہ چپس اینڈ سائنس ایکٹ کئی مراحل سے گذر کر جولائی میں ایوان اور سینیٹ سے منظور ہوا تھا۔

پچھلے سال سیمی کنڈکٹر کی قلت نے موٹر گاڑیوں ، الیکٹرک اور دوسرے سامان کی سپلائی کو متاثر کیا تھا جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر افراط زر پیدا ہوئی اور امریکی ووٹروں میں صدر بائیڈن کی مقبولیت متاثر ہوئی ۔

چپس ایکٹ میں اندرون ملک سیمی کنڈکٹر کی پیداوار اور تحقیق کے لیے باون ارب ڈالر کی مراعات کے ساتھ ساتھ سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے لیے سرمایہ کاری کا ایک ٹیکس کریڈٹ بھی شامل ہے۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ یہ امریکہ کو عالمی سطح پر سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کی دوڑ میں شامل ہونے کی اجازت دے گا جس پر اس وقت چین، تائیوان اور جنوبی کوریا کا غلبہ ہے۔

سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کی ایک رپورٹ کے مطابق، عالمی سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کی صلاحیت میں امریکی حصہ 1990 میں 37 فیصد سے کم ہو کر آج 12 فیصد ہو گیا ہے، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ دوسری حکومتوں نے مینیو فیکچرنگ کے لئے مراعات کی پیشکش کی ہے اور اپنے ملک کی چپ سازی کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ریسرچ میں سرمایہ کاری کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت چین کا دنیا کی سیمی کنڈکٹر کی پیداوار میں 24 فیصد حصہ ہے، اس کے بعد تائیوان 21 فیصد، جنوبی کوریا 19 فیصد اور جاپان کا 13 فیصد ہے۔

XS
SM
MD
LG