پوپ میوزک کی دنیا کے پرنس کہلائے جانے والے جسٹن بیبر کی وجہ شہرت میوزک کے علاوہ نت نئے اسکینڈلز اورتنازعات بھی ہیں جو انہیں کبھی بھی میڈیا سے ’آوٴٹ‘ نہیں ہونے دیتے۔
جسٹن بیبر اِن دنوں ایک بار پھر تنقید کی زد میں ہیں۔۔لیکن، کسی پڑوسی کو تنگ کرنے یا قانون توڑنے کے الزام میں نہیں بلکہ ہیوی میٹل بینڈ’میٹیلکا ‘کی شرٹ پہننے پر۔
برطانوی اخبار ’دی مرر‘ کے مطابق کچھ نہ کچھ الگ لیکن متنازعہ کرنے والے جسٹن بیبر نے ایسی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کی جس میں وہ شہرہ آفاق امریکی ہیوی بینڈ ’میٹیلکا‘ کی شرٹ پہنے دکھائی دے رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جو شرٹ بیبر نے پہنی ہوئی ہے وہ ان کے سائز کی نہیں بلکہ بڑی ہے۔
بیبر کو پہلے بھی عجیب وغریب فیشن کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا تا رہا ہے۔ میٹیلکا کی بڑے سائز کی شرٹ پہننے پر بھی بیبر کے خلاف تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا اور مٹیلیکا کے پرستاروں نے 21سالہ پوپ اسٹار کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔
سوشل میڈیا پر میٹیلکا کے ایک فین نے بیبرکو مشورہ دے ڈالا کہ’تم یہ شرٹ فوراً تبدیل کرلو کیونکہ تم اس کے قابل نہیں ہو۔‘ ایک اور پرستار کا کہنا تھا ’مجھے میٹیلکا سے محبت اور جسٹن بیبر سے نفرت ہے۔‘
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جسٹن بیبر کے گانے’بے بی‘ کی میوزک ویڈیو کو یو ٹیوب پر اب تک کی سب سے زیادہ ناپسندیدہ وڈیو کا خطاب مل چکا ہے۔
حقیقت تو یہ ہے کہ تمام تر تنقید کے باوجود جسٹن بیبر نئی نسل کے مقبول سنگر ہیں جن کے کنسرٹس میں نوجوان ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرتے اور ان کا میوزک انجوائے کرتے ہیں۔