رسائی کے لنکس

جسٹن بیبر، تنازعات کے باوجود شہ سرخیوں میں


حال ہی کی بات ہے کرسمس سے ایک رات قبل انہوں نے اپنے لاکھوں، کروڑوں مداحوں کو یہ کہہ کر حیرت میں ڈال دیا ہے کہ وہ سُروں کی دنیا کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔

پوپ موسیقی کی دنیا کے نو عمر سنگر جسٹن بیبر بھی شاید اپنے دوسرے ہم عصر فنکاروں کی طرح شہ سرخیوں میں رہنے کا فن جان گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سال 2013ء کے دوران وہ اپنے کسی نہ کسی بیان، پیغام یا پھر دوسروں سے جھگڑوں کے سبب خبروں میں چھائے رہے۔

چند روز پہلے کی ہی بات ہے کہ کرسمس سے ایک رات قبل انہوں نے اپنے لاکھوں، کروڑوں مداحوں کو یہ کہہ کر حیرت میں ڈال دیا ہے کہ وہ سُروں کی دنیا کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئیٹر‘ پر انہوں نے پیغام دیا کہ وہ ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ان کا یہ چھوٹا سا پیغام ذرا سی دیر میں دنیا بھر میں موجود ان کے 4 کروڑ 80لاکھ سے زائد فینز تک پہنچ گیا۔

ابھی ان کے پرستار کشمش میں ہی تھے اور یہ سمجھ بھی نہ پائے تھے کہ آخر جسٹن کو اچانک کیا ہوگیا کہ تھوڑی ہی دیر میں ایک اور پیغام انہیں ملا جس میں جسٹن نے کہا کہ، ’میں آپ کو چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا‘۔

پھر کیا تھا جوابی ٹوئٹس کے بھی ڈھیر لگ گئے۔ یہ ٹوئٹس ان کے چاہنے والوں کے ساتھ ساتھ ان کے ناقدین کی طرف سے بھی پوسٹ کی گئی تھیں۔ کچھ کا کہنا ہے کہ جسٹن کے بغیر موسیقی کی دنیا کیسی ہوگی؟ تو کچھ کا کہنا ہے کہ اگر جسٹن واقعی سروں کی دنیا کو چھوڑ جاتے تو یہ ان کے لئے کرسمس کا تحفہ ہوتا۔

ادھر پوپ میوزک سے دلچسپی رکھنے والے کچھ غیر جانب دار مبصرین کا خیال ہے کہ کینیڈا کے نوعمر پوپ اسٹار جسٹن بیبر کا اپنے پرستاروں پر کیا گیا ’جادو‘ آہستہ آہستہ اپنا اثر کھو رہا ہے۔ بیبر کے لئے پرستاروں کے دلوں میں جو دیوانی اور گرمجوشی پہلے تھی اس میں پہلے جیسی بات نہیں رہی۔ اس کی وجوہات شاید ان سے متعلق آنے والی لڑائی جھگڑوں کی خبریں ہیں۔

رواں سال مارچ میں ان کی ایک پریس فوٹوگرافر سے مار پیٹ ہوئی۔ یہ واقعہ دورہ ِیورپ کے دوران لندن کے ایک ہوٹل کے باہر پیش آیا۔ مئی میں لاس اینجلس پولیس کی طرف سے ان کا’ بلاوا‘ آ گیا۔ اب کی بار ان کی اپنے پڑوسی کے ساتھ ان بن ہو گئی تھی اور بات یہاں تک جا پہنچی تھی کہ پڑوسی نے پولیس کو بلالیا۔

جون میں ایک مرتبہ پھر لاس اینجلس میں ہی ان کا ایک اور فوٹوگرافر سے تصادم ہوگیا ۔ اس بار بییر کو یہ غصہ تھا کہ فوٹوگرافر جان کر ان کی فراری کار سے آکر کیوں ٹکرایا۔ یہ معاملہ بھی اتنا آگے بڑھا کہ ایک دفعہ پھر پولیس کو بیچ میں آنا پڑا۔

جسٹن کی خوش نصیبی یہ رہی کہ ان سارے معاملات کے دوران ہی ان کی فلم ’جسٹن بیبرز بلیوو‘ ریلیز ہوگی جس کی کامیابی نے جسٹن کی امیج کو لوگوں کی نظر میں بہتر بنادیا۔ ورنہ جانے یہ معاملہ کہاں جاکر ختم ہوتا۔
XS
SM
MD
LG