رسائی کے لنکس

صدر ممنون کے بیٹے کو ’نشانہ‘ بنانے کی کوشش، تین ہلاک


حکام کا کہنا ہے کہ بم کا ممکنہ نشانہ صدر مملکت ممنون حسین کے بیٹے تھے جن کا قافلہ دھماکے کے وقت وہاں سے گزر رہا تھا۔

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے شہر حب میں اتوار کی شب ایک دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور کئی پولیس اہلکاروں سمیت درجن بھر افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو حب کے اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ بعض زخمیوں کو کراچی کے سول اسپتال بھی پہنچایا گیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکہ دیسی ساختہ بم کا نتیجہ تھا جسے ایک ہوٹل کے باہر کھڑی ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بم کا ممکنہ نشانہ صدر مملکت ممنون حسین کے بیٹے تھے جن کا قافلہ دھماکے کے وقت وہاں سے گزر رہا تھا۔ صدر کے بیٹے اس دھماکے میں محفوظ رہے ہیں۔

دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدلمالک بلوچ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

پاکستان کا صوبہ بلوچستان ایک عرصے سے پر تشدد کاروائیوں کا شکار ہے اور صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے کئی بڑے آپریشن بھی کئے جا چکے ہیں۔ ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورت حال میں اندرونی عناصر کے ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ بیرونی مداخلت کو بھی ذمہ دار ٹہراتی ہے

XS
SM
MD
LG