رسائی کے لنکس

بوکو حرام نائجیریا کے ایک اور شہر پر قابض


موبی شہر کے رہائشیوں نے 'وی او اے' کو بتایا ہے کہ سیاہ پگڑیاں باندھے بوکو حرام کے جنگجو موٹر سائیکلوں پر شہر میں گشت کر رہے ہیں۔

نائجیریا میں سرگرم شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے جنگجووں نے حکومت کے ساتھ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک کے شمال مشرق میں واقع ایک شہر پر قبضہ کرلیا ہے۔

شہر موبی کے رہائشیوں نے 'وائس آف امریکہ' کی 'ہوسا سروس' کو بتایا ہے کہ جنگجووں نے بدھ کو شہر پر دھاوا بولنے کے بعد جیل میں قید اپنے ساتھیوں کو رہا کرالیا اور شہری انتظامیہ کے سربراہ کی رہائش گاہ میں لوٹ مار کی۔

شہر کے ایک رہائشی عیسیٰ احمدو نے 'وی او اے' کو بتایا ہے کہ سیاہ پگڑیاں باندھے بوکو حرام کے جنگجو موٹر سائیکلوں پر شہر میں گشت کر رہے ہیں۔

ان کے بقول نائجیرین فوجی یا تو شہر سے پسپا ہوگئے ہیں یا انہوں نے اپنی تنصیبات اور چوکیاں خالی کردی ہیں اور شہر میں فوج یا انتظامیہ نظر نہیں آرہی۔

اطلاعات ہیں کہ نائجیریا کی فضائی افواج نے بوکو حرام کی پیش قدمی روکنے کے لیے موبی پر فضائی حملے کیے ہیں لیکن تاحال حکام نے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی ہے۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب بوکو حرام اور نائجیرین حکومت کے وفود کے درمیان پڑوسی ملک چاڈ میں مذاکرات جاری ہیں جن میں رواں ماہ طے پانے والی جنگ بندی کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔

مذاکرات کے ایجنڈے میں سرِ فہرست ان 200 سے زائد طالبات کی رہائی ہے جنہیں چھ ماہ قبل جنگجووں نے چیبوک نامی قصبے سے اغوا کرلیا تھا۔

رواں ماہ نائجیرین حکومت نے بوکو حرام کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدے طے پانے اور مغوی طالبات کی رہائی پر اتفاقِ رائے کا اعلان کیا تھا۔

لیکن اس اعلان کے باوجود بوکو حرام کے جنگجووں کی جانب سے سرکاری تنصیبات اور قصبات پر حملوں اور عام شہریوں اور سرکاری اہلکاروں کے اغوا کی وارداتیں نہ رکنے کے باعث ان خدشات میں اضافہ ہوا ہے کہ آیا شدت پسند تنظیم کے تمام دھڑے حکومت کے ساتھ جنگ بندی پر آمادہ ہیں یا نہیں۔

بوکو حرام 2009ء سے نائجیریا کے مسلم اکثریتی شمالی علاقے میں بزعمِ خود اسلامی ریاست کے قیام کے لیے مسلح کارروائیاں کر رہی ہے جن میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

نائجیریا کی ریاستوں بورنو اور اداماوا کے کئی قصبات اس وقت جنگجووں کے قبضے میں ہیں تاہم دو لاکھ 25 ہزار کی آبادی والا موبی شہر جنگجووں کے قبضے میں آنے والا اسب سے بڑا شہر ہے۔

XS
SM
MD
LG