جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے ساحل سلاتھیا کہتے ہیں کہ بالی ووڈ میں جگہ بنانا آسان نہیں لیکن آپ کی محنت اور صلاحیتیں آپ کے خوابوں کو حقیقت کا رنگ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اسٹارز کے بچے جو ایک طرح سے اسی ماحول کے پروردہ ہوتے ہیں اس معاملے میں خوش قسمت ہوتے ہیں اور انہیں پہلے موقع کے لیے وہ محنت نہیں کرنا پڑتی، جس کا سامنا باہر سے آنے والوں کو ہوتا ہے، اور ان کے بعد جو جگہ بچتی ہے وہاں خود کو منوانے میں کئی چیزیں اہم کردار ادا کرتی ہیں جن میں آپ کی شخصیت کے چارم کے ساتھ ساتھ قسمت تو اہم ہوتی ہی ہے لیکن سب سے ضروری آپ کی صلاحیتیں ہیں جو آپ کے قدم جمائے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ساحل نے وائس آف امریکہ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں جموں کشمیر سے بالی ووڈ کے سفر کی روداد سناتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں ماڈلنگ یا اداکاری کے میدان میں نام کماؤں گا۔ میں جب چندی گڑھ میں انجنیئر نگ کر رہا تھا تو ماڈلنگ کا ایک مقابلہ ہوا جس میں شرکت کی اور جیت گیا ۔ بس یوں اس سفر کا آغاز ہوا ، جس کے بعد سن 2012 میں ہانگ کانگ میں ہونے والے مسٹر ایشیا مقابلے میں بھارت کی نمائندگی کی اور مقابلے میں شریک 32 افراد میں سے سر فہرست رہنے والے پانچ افراد میں شامل ہوئے ۔
درجنوں مشہور کمپنیوں کے برانڈ ایمبیسیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد اشتہارات میں بھی ماڈلنگ کی، بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار آشوتوش گواریکر اور آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے۔آر۔رحمان کی فلم ’’ایورسٹ‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔
ان کے گھر والوں کو ساحل کی شہرت کیسی لگتی ہے؟ ، وہ کہتے ہیں کہ شروع شروع میں جب اخبارات اور رسائل میں تصویر چھپتی تھی تو سب بہت فخر سے دیکھتے تھے اور آس پاس والوں کو بھی دکھاتے تھے کہ دیکھو ساحل کی تصویر چھپی ہے لیکن اب یہ سب روزمرہ کی بات ہو گئی ہے۔
ساحل کہتے ہیں کہ شہرت کے ساتھ ہی آپ پر ذمے داری بھی عائد ہو جاتی ہے کہ آپ ایک عوامی شخصیت ہوتے ہوئے کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے آپ کے پرستاروں کے جذبات مجروح ہوں۔ اگرچہ آپ کو عام زندگی میں بھی کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہیے جس سے آپ بری مثال قائم کریں لیکن مشہور شخصیات پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
ساحل کا کہنا تھا کہ مصروف شب و روز میں جو وقت بچتا ہے اس میں تیراکی کران اور ملکوں ملکوں گھومنا انہیں بہت پسند ہے ، اور ایک سپر ماڈل ہوتے ہوئے بھی انہیں مختلف طرح کے کھانے کھانا بہت پسند ہے ، جس کے بعد اگرچہ انہیں اپنی ورزش کا دورانیہ کافی بڑھانا پڑتا ہے۔ ساحل نے بتایا کہ وہ مستقبل میں خود کو بالی ووڈ کے معروف ہدایتکاروں کے ساتھ کام کرتے دیکھنا چاہتے ہیں ۔