بھارت کی سیاست اور گلیمر کا برسوں پرانا رشتہ ہے۔ ہر بار جب بھی انتخابات ہوتے ہیں، بالی وڈ کے کچھ نئے، کچھ پرانے چہرے سیاست سے جڑجاتے ہیں۔' لوک سبھا' یعنی ایوان زیریں ہو یا 'راجیہ سبھا' یعنی ایوان بالا دونوں ایوانوں میں گلیمرس فیسز ایک اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں۔
اس روایت کو آتے بڑھاتے ہوئے اب ارمیلا مٹونڈکر بھی سیاسی میدان میں اتر گئی ہیں، جس کا آغاز انہوں نے بدھ کے روز کانگریس میں شمولیت کے باضابطہ اعلان ساتھ بعد نئی دہلی میں کیا۔
وہ آج صبح دارالحکومت نئی دہلی پہنچیں جہاں انہوں نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی اور پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔
بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے حوالے سے مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ارمیلا کانگریس کے ٹکٹ پر شمالی ممبئی سے الیکشن لڑ سکتی ہیں۔
ارمیلا کے ساتھ کانگریسی رہنما سنجے نروپم، رکن اسمبلی اسلم شیخ اور جی ایس بھوشن پاٹل بھی نئی دہلی پہنچے۔ ان رہنماؤں نے میڈیا کوبتایا کہ ارمیلا کو شمالی ممبئی سے لوک سبھا کا ٹکٹ دینے کی تیاری جا رہی ہے۔
اگر واقعی ارمیلا کو شمالی ممبئی سے الیکشن کے لئے کھڑا کیا گیا تو ان کا مقابلہ بی جے پی کے عہدیدار اور رکن اسمبلی گوپال شیٹھی سے ہو گا جو انہیں ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔
لوک سبھا کے لئے ممبئی کی مختص 6 نشستوں سمیت ریاست کے 17 دیگر حلقوں میں انتخابات کے چوتھے مرحلے کے دوران 29 اپریل کو ووٹنگ ہو گی۔
یعنی یہی وہ تاریخ ہو گی جب اس بات کا اعلان ہو گا کہ سن 1983 میں فلم 'معصوم ' سے بطور چائلڈ اسٹار اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کرنے والی ارمیلا سیاست کے میدان میں بھی کامیاب ہو سکیں گی یا نہیں۔
سیاسی میدان کے کچھ اورنئے فلمی چہرے
نصرت جہاں
اگلے مہینے کے انتخابات میں ارمیلا کے علاوہ اور بھی کئی فنکاروں نے سیاسی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں کولکتہ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نصرت جہاں بھی شامل ہیں۔ ان کی اب تک دو فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں 'شترو' اور 'کھوکھا 420'۔
پرکاش جھا
پرکاش جھا کا شمار سینئر اداکاروں میں ہوتا ہے۔ آپ انہیں اجے دیوگن کے ساتھ فلم 'سنگھم ون ' اور 'سنگھم ٹو'بطور مین ولن دیکھ چکے ہیں۔ ان کا تعلق جنوبی بھارت سے ہے اور ان کا شمار وہاں کی فلموں کے ایک بڑے فنکار کے طور پر ہوتا ہے۔ وہ اگلے ماہ ہونے والے انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیں گے۔ ان کا حلقہ بنگلور جیسا بڑا شہر ہے۔ انہیں اپنے ایک قریبی دوست کے قتل کے بعد سے نریندر مودی حکومت سے تحفظات ہیں۔
شلپا شندے
شلپا شندے ٹی وی رئیلٹی شو 'بگ باس ' کی ونر ہیں اور یہی ان کی اب تک کی سب سے بڑی پہچان ہے۔ انہوں نے پچھلے مہینے ہی کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ وہ آئندہ انتخابات میں ممبئی سے الیکشن لڑنے کی خواہش مند ہیں۔
اس کے علاوہ بھی فلموں سے وابستہ ایکٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ چونکہ ابھی انتخابی مہم اپنے پورے عروج پر نہیں پہنچی، اس لئے کچھ اور بڑے نام سامنے آنا باقی ہیں جس کے لئے فی الحال انتظار کرنا ہو گا۔