رسائی کے لنکس

سابق کرکٹر گوتم گمبھیر بی جے پی میں شامل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گوتم گمبھیر نے بھارتی جنتا پارٹی کے سربراہ اور وزیرِ اعظم نریندر سنگھ مودی کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

بی جے پی نے انہیں پارٹی میں شمولیت کے عوض دارالحکومت نئی دہلی کی سات نشستوں میں سے کسی ایک نشست سے اپریل اور مئی میں ہونے والے انتخابات کے لیے امیدوار بنانے کا وعدہ کیا ہے۔

گوتم نے بی جے پی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا جس میں ارون جیٹلی اور روی شنکر پرشاد جیسے سینئر وزرا اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

پریس کانفرنس کے دوران گوتم کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے نظریات سے متاثر ہو کر کیا ہے اور بی جے پی میں شمولیت ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔

گوتم گمبھیر کو حال ہی میں بی جے پی کی حکومت 'پدماسری ایوارڈ' سے بھی نواز چکی ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں نریندر مودی نے بالی ووڈ اسٹارز اور کرکٹرز کو انتخابات میں ووٹ ڈالنے اور پارٹی کا ساتھ دینے کی دعوت دی تھی۔ اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک، دو نہیں پوری 29 ٹوئٹس کی تھیں۔

انہوں نے ٹوئٹس کے ساتھ بالی وڈ ایکٹر رنویر سنگھ، وکی کوشل اور کرکٹرز ویراٹ کوہلی اور مہندر سنگھ دھونی کو خاص طور سے ٹیگ بھی کیا تھا۔

ان ایکٹرز اور کرکٹر نے کسی سیاسی جماعت کی حمایت کا کوئی فیصلہ کیا یا نہیں، یہ تاحال واضح نہیں۔ البتہ گوتم گمبھیر نے نریندر مودی کی پکار پر بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

گوتم گمبھیر 2007ء میں 'ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ' اور 2011ء کا 'او ڈی آئی ورلڈ کپ' جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG