رسائی کے لنکس

بالی ووڈ کی نئی فلموں کوورلڈ کپ کے بعد آئی پی ایل سے خطرہ


بالی ووڈ کی نئی فلموں کوورلڈ کپ کے بعد آئی پی ایل سے خطرہ
بالی ووڈ کی نئی فلموں کوورلڈ کپ کے بعد آئی پی ایل سے خطرہ

19 فروری کو ورلڈ کپ کے آغاز سے اب تک بالی ووڈ انڈسڑی سنسان ہے۔ آئندہ جمعہ کو امید ہے کہ نئی فلمیں ریلیز ہوں گی مگر ان فلموں کی ریلیز کو آٹھ اپریل سے شروع ہونے والے کرکٹ ایونٹ آئی پی ایل (انڈین پریمئر لیگ)سے خطرہ مول لینا پڑرہا ہے۔

ورلڈ کپ سے ایک دن پہلے وشال بھردواج کی فلم 'سات خون معاف' ریلیز ہوئی تھی لیکن اسے بھی ناظرین نے 'معاف' نہیں کیا اور فلم کوشش کے باوجود فلاپ ہوگئی۔ اس کے بعد والے ہفتے میں یعنی چار مارچ کو فلم ’تنو ویڈز منو‘ ریلیز ہوئی ۔ گو کہ یہ فلم فلاپ تو نہیں ہوئی لیکن خاطر خواہ بزنس بھی نہ کرسکی ۔ ’سات خون معاف‘ کے فلاپ ہونے اور ’تنو ویڈز منو‘ کے توقع کے مطابق بزنس نہ کرسکنے کی اصل وجہ ورلڈ کپ کو قرار دیا جارہا ہے۔

فلمی پنڈتوں کے بقول بھارت میں فلمیں اور کرکٹ دو ہی تفریح کے سب سے بڑے ذرائع ہیں۔ ورلڈ کپ میں لوگ گھروں سے نہیں نکلتے اور ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر میچ دیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلمیں خصوصاً بڑے بجٹ کی فلمیں ریلیز ہی نہیں کی جاتیں۔ انہیں ورلڈ کپ کے بعد ریلیز کے لئے روک لیا جاتا ہے۔

اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔ اس وقت دو درجن سے زائد فلمیں تیار ہیں اور ریلیز کے انتظار میں ہیں۔ یکم اپریل کو ہمت کرکے دو فلموں ’فالتو‘ اور ’گیم‘ کوریلیز کیا گیا مگر ان دونوں فلموں کو اگلے ہی دن ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کا سامنا کرنا پڑا اور یوں یہ دونوں فلمیں ابھی تک اپنے ناظرین کے انتظار میں ہیں۔ دونوں فلموں کو بزنس کے لئے ایک ہفتے میں سے صرف پانچ دن ہی بزنس کرنے کا موقع ملے گا۔ ان پانچ دنوں میں ہی ان کی قسمت کا فیصلہ بھی ہوجائے گا۔

رہی بات اس ماہ اور مئی میں ریلیز ہونیوالی فلموں کی تو ان کی تعداد 28 بتائی جارہی ہے مگر ان فلموں کے ساتھ ایک اور مسئلہ درپیش ہے۔ 8 اپریل سے کرکٹ کا ایک اور بڑا ایونٹ آئی پی ایل یعنی انڈین پریمیئر لیگ شروع ہورہا ہے جو آئندہ 51 دنوں تک جاری رہے گا۔ اگر چہ ورلڈ کپ کے مقابلے میں یہ ایونٹ چھوٹا ہے مگر فلموں کی ریلیز کے لئے خطرے کا باعث ہوسکتا ہے۔

اس تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ بالی ووڈ فلموں کو مزید دو ماہ کرکٹ سے خطرہ لاحق رہے گا۔

XS
SM
MD
LG